Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جدہ ، مکہ شاہراہ پر ٹول ٹیکس نہیں لگ رہا‘

سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتیں بے بنیاد ہیں۔(فوٹو سبق)
 سعودی وزارت نقل و حمل نے کہا ہے کہ جدہ ، مکہ شاہراہ پرٹول ٹیکس کیبن نہیں بنائے گئے اور نہ ہی ٹول ٹیکس نافذ کیا جارہا ہے۔ شاہراہ پرٹول ٹیکس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتیں بے بنیاد ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت نقل وحمل کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ جدہ ، مکہ شاہراہ پرشمیسی چیک پوسٹ کی توسیع کی گئی ہے تاکہ حج و عمرہ سیزن کے دوران چیک پوسٹ پر لوگوں کو غیر معمولی ازدحام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ’ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیل رہی ہیں کہ شمیسی چیک پوسٹ کی توسیع اور وہاں مخصوص کیبن اس لیے تعمیر کیے جارہے ہیں کہ اب ٹول ٹیکس لیا جائے گا‘۔

شمیسی چیک پوسٹ کی توسیع کے بعد 18 چیک پوائنٹ بنائے گئے ہیں(فوٹو سبق)

 بیان کے مطابق ’سوشل میڈیا کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں شمیسی چیک پوسٹ کی توسیع کرنے کے بعد وہاں 5 کے بجائے 18 چیک پوائنٹ بنائے گئے ہیں تاکہ سیزن میں لوگوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔
واضح رہے سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر ایسی خبریں پھیل رہی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ وزارت نقل و حمل کی جانب سے شمیسی چیک پوسٹ پر ٹول ٹیکس کا نظام نافذ کرنے کےلیے مخصوص کیبنز بنائیں گئے ہیں جن کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے شمیسی چیک پوسٹ مکہ مکرمہ کے داخلی راستے پر واقع ہے جو جدہ شاہراہ پر آتی ہے ۔ رمضان اور حج سیزن میں اس شاہراہ پر ٹریفک کا بے پناہ ازدحام ہوتا ہے کیونکہ لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج اور معتمرین اسی چیک پوسٹ سے گزرتے ہیں حج سیزن میں اس چیک پوسٹ کو عبورکرنے میں گھنٹوں لگ جاتے تھے۔

شیئر: