دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 29 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مجموعی اموات پانچ لاکھ 69 ہزار سے زیادہ ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ریاستوں میں 33 لاکھ جبکہ برازیل میں 18 لاکھ 64 ہزار کورونا متاثرین ہیں۔ امریکہ کی 40 سے زائد ریاستوں میں کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گذشتہ کئی روز سے یومیہ 60 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
ملک میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔ برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 72 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’امریکہ 2020 کے آخر تک ویکسین بنالے گا‘Node ID: 489651
-
چین کورونا کی ویکسین بنانے میں سب سے آگےNode ID: 490736
-
’ویکسین بولی لگانے والوں کے بجائے ضرورت مندوں کو دیں‘Node ID: 491626
امریکہ کا پڑوسی ملک میکسیکو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میکسیکو کے محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ کورونا سے اموات میں میکسیکو نے اٹلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق میکسیکو کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ وبا سے ہونے والی ہلاکتیں 35 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ یہ اعداد و شمار صدارتی دفتر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اٹلی میں کورونا سے ہونے والی اموات 34 ہزار 954 ہیں۔
ادھر جاپان میں دو امریکی فوجوں اڈوں میں وائرس کے پھیلاؤ کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ جاپان کے حکام نے امریکی فوج کی وائرس کے روک تھام کی کوششوں پر تنقید کی ہے۔
