امریکہ میں ویکسین کے انسانوں پر ٹرائل جولائی 27 سے شروع ہوں گے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری پر کئی ممالک میں کام ہورہا ہے لیکن تاحال کوئی کامیاب نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دو ٹرائلز کےمثبت نتائج سے کورونا وائرس کی ویکسین جلد ملنے کی امید بحال ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف ی نے برطانوی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے ایک ویکسین کا تجربہ کیا جس سے وائرس کے خلاف مدافعتی رد عمل پیدا ہوا ہے۔
ڈیلی ٹیلی گراف اخبار کے مطابق ایک ہزار کے قریب افراد کو یہ ویکسین دی گئی اور ان کے خون کے نمونوں کو دیکھ کر پتہ چلا کہ ویکسین کے نتیجے میں ان کے جسم میں اینٹی باڈیز اور 'قاتلانہ ٹی سیلز' پیدا ہوئے۔
اس سے قبل کی جانے والی تحقیق میں مشاہدہ کیا گیا تھا کہ ٹی سیلز جسم میں سالوں تک رہ کر وائرس سے لڑ سکتے ہیں۔ ایک بیان میں آکسفرڈ نے کہا ہے کہ ٹرائل کے نتائج اگلے ہفتے دا لانسنٹ نام کے نام کے میڈیکل جرنل میں شائع ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک کروڑ 35 لاکھ 79 ہزار پانچ سو 81 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد پانش لاکھ 84 ہزار سات سو 82 ہے۔
یہ ممکنہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب منگل کو ایک امریکی کمپنی موڈرنا نے منگل کو کہا کہ وہ اپنی بنائی ہوئی ویکسین کے انسانوں پر ٹرائل جولائی 27 سے شروع کریں گے۔
موڈرنا کا کہنا ہے کہ انہیں پہلے کی جانے والی ٹیسٹنگ سے پر امید نتائج ملے تھے۔ امید کی جارہی ہے کہ 30 ہزار کے قریب امریکی ان ٹرائلز میں حصہ لیں گے۔
ویکسین کی تیاری کی عالمی کوششوں میں موڈرنا کے کام کو اعلیٰ سطح کا مانا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات اکتوبر 2022 تک جاری رہیں گی تاہم ابتدائی نتائج تب تک سامنے آچکے ہوں گے۔
دوسری جانب انڈیا میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ کے قریب ہو گئی ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد انڈیا کی ریاست بہار میں جمعرات سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے۔ شمال مشرقی ریاست میں حکومت نے 16 جولائی سے 31 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
اترپردیش میں حکومت نے ویک اینڈز پر مکمل لاک ڈاؤن کو فی الحال مستقل بنا دیا ہے۔ بہار میں لاک ڈاؤن کی شروعات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر انڈیا میں کورونا سے چھ سو ہلاکتیں رپورٹ ہوئی اور ریڈ کراس نے خبردار کیا ہے کہ انڈیا میں وائرس خطرناک شرح سے پھیل رہا ہے۔
انڈیا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعدا 25 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ کیسز اور ہلاکتوں میں اضافے کے بعد انڈیا میں حکام حال ہی میں ختم کی گئی لاک ڈاؤن کو دوبارہ نانذ کر رہے ہیں۔ بہار میں لاک ڈاؤن کا نفاز بنگلورو میں ایک ہفتے کی لاک ڈاؤن کے شروعات کے بعد ہورہا ہے۔