Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ’عیدالاضحیٰ کی نماز گھر میں ادا کریں‘

مساجد میں نمازیوں کو بدستور دو میٹر کے فاصلے کی پابندی کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے شہری اور مقیم غیر ملکی عیدالاضحیٰ اور چار روزہ تعطیلات کے دوران نمازیں مساجد کے بجائے گھروں میں ادا کریں گے۔
 اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لینے اور متعلقہ حکام سے ہم آہنگی کے ساتھ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے تکبیریں سمعی بصری ذرائع سے نشر کی جائیں گی۔
ترجمان نے ویڈیو پریس کانفرنس میں کہا کہ مساجد میں نمازیوں کی گنجائش بڑھا کر پچاس فیصد کر دی جائے گی تاہم نمازیوں کو بدستور دو میٹر کے فاصلے کی پابندی کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اذان اور نمازوں کے درمیان وقفہ دس منٹ تک بڑھا دیا جائے گا سوائے مغرب کی نماز کے جس میں اذان کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ ہوگا۔ یہ فیصلے تین اگست سے نافذ ہوں گے۔
ترجمان نے پریس کانفرنس میں فیملی اجتماعات اور ملنے جلنے سے بھی گریز کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس کی جگہ الیکڑانک مواصلاتی ذرائع استعمال یا فون پررابطے کیے جائیں۔ اسی طرح عید کے تحائف یا عیدی تقسیم کرنے کے بجائے الیکڑانک متبادل ذرائع استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔

 مساجد میں نمازیوں کی گنجائش بڑھا کر پچاس فیصد کر دی جائے گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

ترجمان نے مزید کہا کہ گھریلو ملازمین کے گھر سے باہر کسی سے ملنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ امارات نے پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے ریاستوں میں پیر 20 جولائی سے نمازیوں کے لیے شاپنگ مالز اور دیگر دفتری ٹاورز کے ہال اور مخصوص کمرے دوبارہ کھول دیے تھے تاہم کہا گیا تھا کہ صفوں میں مناسب فاصلے کے بعد گنجائش 30 فیصد نمازیوں کے لیے ہو گی۔

شیئر: