Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کھانا نہیں دیتے، پیسے کہاں سے دیں گے؟‘

سلمیٰ ظفر نے الزام عائد کیا کہ جے جے ایس پروڈکشن نے دیگر ملازمین کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کیں (فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور اداکار سعود قاسمی اور ان کی اہلیہ پر ان کے ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔
انہوں نے فیس بک پر اپنی لائیو ویڈیو میں سعود اور جویریہ کے پروڈکشن ہاؤس جے جے ایس پر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اس پروڈکشن کے تحت بننے والے دو ڈراموں میں کئی سال کام کرنے کے باوجود طے کردہ معاوضہ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سعود قاسمی اور جویریہ سعود کی جانب سے سال 2006 میں جے جے ایس پروڈکشن ہاؤس کا آغاز کیا گیا، ابتداء ’میں یہ کیسی محبت ہے ‘ ڈرامہ شروع کیا گیا جس سے وہ پانچ سال جڑی رہیں اور اس کے بعد ڈارمہ سیریل ’یہ زندگی‘ سے چھ سال تک منسلک رہیں۔
30 منٹ سے زائد دورانیے کی اس ویڈیو میں وہ دلبرداشتہ نظر آئیں اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'مجھ سمیت ان تمام ملازمین جن کی تنخواہیں نہیں دی گئیں سب کی بددعائیں جویریہ اور سعود کے ساتھ ہیں۔'
https://www.facebook.com/106950130851413/videos/285270802541526
اردو نیوز نے جب جویریہ سعود جو کہ ان دنوں امریکہ میں مقیم ہیں، سے بات کی تو انہوں نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'سلمی ظفر نے ہمارے ساتھ کئی سال تک کام کیا اگر ہم انہیں پیسے نہیں دے رہے تھے تو انہیں پہلے مہینے ہی کام چھوڑ دینا چاہیے تھا۔'
انہوں نے کہا کہ سلمیٰ ظفر ہمارے ہر پراجیکٹ میں آخر تک ہمارے ساتھ رہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہم نے ان کے پیسے بہت سال پہلے ہی کلیئر کر دیے تھے پتہ نہیں یہ کون سا حساب لگا کر بیٹھی ہوئی ہیں جو اچانک ان کو کیا یاد آیا ہے۔'
سلمی ظفر کی فیس بک لائیو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے اس پرتبصرے شروع کر دیے تھے۔
ٹوئٹر صارف اریبہ نے لکھا کہ ’یہ کتنی غلط بات ہے کہ سعود اور جویریہ نے اپنی زندگیوں کو پُر تعیش بنا لیا ہے لیکن کام کرنے والے ملازمین کو معاوضہ نہیں دیا، اپنے گھر کے پر کونے کو سجایا ہوا ہے لیکن ملازمین کو تنخواہ نہیں دے سکتے۔‘

ٹوئٹر صارف احمد نے جویریہ اور ان کے شوہر سعود پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’لوگوں کے پیسے کھا کر محل تو کھڑا کر سکتے ہیں لیکن کبھی آباد نہیں ہو سکتے سلمی ظفر کے پیسے واپس دو۔‘

اداکارہ سلمیٰ ظفر نے لائیو ویڈیو کے دوران کچھ کمنٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ کھانا نہیں دیتے تھے تو پیسے کہاں سے دیں گے؟ پیسہ کما لیا ہے عزت کمانا رہ گئی ہے۔‘
ویڈیو پیغام کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ان الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن ان کو معلوم ہے کہ جسمانی اور قانونی طور پر کس طرح لڑا جاتا ہے۔ سلمیٰ ظفر نے یہ بھی کہا کہ ان کو حیرت ہے سعود اور جویریہ کو غریب  لوگوں کو دھوکا دینے کے بعد نیند بھی کیسے آجاتی ہے۔

شیئر: