Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہالی وڈ کی فلم میں بولڈ کردار کی پیش کش ٹھکرا دی‘

سائرہ یوسف کی 2012 میں اداکار شہروز سبزواری سے شادی ہوئی تھی (تصویر : فیس بک)
پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف نے بولڈ سین نہ کرنے کی وجہ سے ہالی وڈ سے آنے والی آفر کو ٹھکرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
انسٹا گرام پر اداکارہ سائرہ یوسف کا انٹرویو شیئر کیا جا رہا ہے جس میں ہالی وڈ کی فلم میں کردار کی پیش کش پر انہوں نے انکار کی وجہ بتائی ہے۔
انٹرویو کے دوران میزبان حسن شہریار یاسین نے سائرہ یوسف سے سوال کیا کہ ’کیا واقعی آپ کو ہالی وڈ کی کسی فلم میں کوئی آفر ہوئی تھی اور آپ نے انکار کر دیا؟‘

اس کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ’ہالی وڈ کی ایک فلم کی آفر آئی تھی، سکرپٹ ملنے پر معلوم ہوا کہ کردار بولڈ ہے، اس لیے پیش کش ٹھکرانا پڑی۔‘
سائرہ یوسف نے مزید کہا کہ اُنہیں ایسا لگتا ہے کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ کوئی کردار ادا کرنے کے لیے بولڈ ہونا لازمی ہے۔
انسٹا گرام صارفین کی جانب سے اداکارہ کی اس بات کو بہت پسند کیا گیا۔ انیشہ علی کا کہنا تھا کہ ’یہ سائرہ کے لیے اچھا ہے۔ آپ وہ مت کریں جو آپ نہیں کرنا چاہتے۔‘

 اداکارہ نے اور بھی بہت سے دلچسپ سوالات کے جوابات دیے۔ بالی وڈ کے حوالے سے سوال کے جواب میں سائرہ نے کہا کہ ‘وہ بالی وڈ میں کام نہیں کرنا چاہتیں۔‘
اس پر اینکر نے سوال کیا ’اور اگر سلمان خان کے ساتھ فلم کی آفر آ جائے تو؟‘ جس پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’مجھے سلمان خان سے تفصیلی بات کرنا پڑے گی۔‘
سائرہ یوسف ایک بیٹی ’نورے‘ کی والدہ ہیں۔ سائرہ کی 2012 میں اداکار شہروز سبزواری کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ 
رواں سال مارچ میں شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راستے جدا کر لیے تھے اور شہروز نے ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کر لی۔

شیئر: