Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایان علی اب وہ کرنے جا رہی ہیں جس میں اچھی ہیں‘

دبئی جانے کے بعد سے ایان علی عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں (تصویر : فیس بک )
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایان علی نے اپنی ایک مختصر سی ویڈیو پوسٹ کی، ماڈل کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں اُن کا فوٹو شوٹ ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ویڈیو دیکھ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ اُن کے کسی نئے پروجیکٹ کا کوئی حصہ ہے۔
انسٹا گرام پر یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ایان علی نے  اپنے چاہنے والوں سے اُن کا حال احوال پوچھا اور پھر اُنہوں نے بتایا کہ یہ ویڈیو اُن کے نئے آنے والے پروجیکٹ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔

ایان علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے نئے ایلبم کا نام بتاتے ہوئے لکھا کہ اُن کے ایلبم کا نام ’Nothing Like Everything‘ ہے۔
گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ  گانوں کے لیے وہ گذشتہ 5 سال سے محنت کر رہی ہیں جن سے اب اُن کے مداح بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی سمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئی تھیں۔
منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت لینے والی پاکستان کی ماڈل اور گلوکارہ ایان علی نے اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شوبز میں واپسی کے حوالے سے کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں ایک کے بعد ایک 7 گانے ریلیز کر رہی ہوں۔‘
اُنہوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘پرانی لیمبرگینی میں بیٹھ کر اپنے 7 نئے گانے سننے اور سیر پر جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔‘

ایان علی نے بتایا تھا کہ ان کے گانے ’ارتھ کوئیک‘ کو یوٹیوب پر 20 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔
جہاں ایان علی کے فینز نے انہیں شوبز میں دوبارہ ویلکم کہا اور آنے والے نئے پروجیکٹ کے لیے اچھی دعائیں دیں وہیں کچھ صارفین منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے ان پر تنقید بھی کرتے نظر آئے۔
سمیرا امتیاز نامی صارف نے ان کی ٹویٹ پر طنزیہ تبصرے میں لکھا کہ ’منی لانڈرنگ کے بڑے ذریعے کے طور پر ہمیں آپ پر فخر ہے‘۔

ریٹیل ڈاکٹر نامی انسٹا ہینڈل نے لکھا کہ ’کافی لمبے عرصے کے بعد ایان علی وہ کرنے لگی ہیں جس میں وہ بہت اچھی ہیں۔‘

منی لانڈرنگ کیس میں دو سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں لیکن 2017 میں دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں سے غیر حاضر رہیں۔

شیئر: