Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کے 15 لاکھ سے زائد متاثرین

لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد بھی انڈیا میں کاروباری سرگرمیاں مکمل بحال نہیں ہو سکیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 48 ہزار 513 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دوران 768 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
بدھ کو جاری کردہ انڈیا کی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 31 ہزار 669 ہو گئی ہے اور وبا کی زد میں آ کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 34 ہزار 193 تک پہنچ گئی ہے۔

 

رواں ماہ کے دوران انڈیا میں تقریبا دس لاکھ افراد کووڈ 19 پازیٹو پائے گئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس وقت پانچ لاکھ ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ دس لاکھ افراد مکمل یا جزوی طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق انڈیا میں صحت یاب ہونے کی شرح اب 64 فیصد ہو گئی ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ دہلی اور ممبئی میں نئے کیسز میں کافی کمی آئی ہے۔ لیکن ایسے میں یہ بات پریشان کن ہے کہ انڈیا میں کورونا کے بڑے ہاٹ سپاٹ میں زبردست کمی کے باوجود ملک میں تازہ کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
گذشتہ دنوں بنگلورو اور پونے میں کسیز میں اضافے دیکھے گئے ہیں جبکہ بہار اور اتر پردیش کے چھوٹے شہروں میں بھی کیسز میں اضافے دیکھے جا رہے ہیں۔
ایک تازہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممبئی کی کچی آبادیوں میں 57 فیصد سے زیادہ افراد میں اینٹی باڈیز پائے گئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں کمیونیٹی ٹرانشمیشن ہوا تھا اور اس کا دور گزر چکا ہے۔ اسی طرح گذشتہ دنوں دہلی پر مبنی ایک سروے کے نتیجے میں بتایا گیا تھا کہ دہلی کے تقریبا 25 فیصد افراد میں اینٹی باڈیز پایا گیا ہے۔
دوسری جانب انڈیا میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی کوششیں بظاہر ناکام نظر آ رہی ہیں۔ دکانیں کھل گئی ہیں لیکن گاہک نہیں ہیں۔ عام لوگ خوفزدہ ہیں اور نوکریاں ختم ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے شہری رہی سہی پونجی کی بچت کرنے میں لگے ہیں۔

کورونا سے متاثر ہونے والے دس لاکھ کے لگ بھگ انڈین شہری صحتیاب ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلور میں کمپیوٹر سائنسز میں بی ٹیک کرنے والی یو شاردا نامی لڑکی کی نوکری کورونا وبا کی نذر ہو گئی تو انھوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سبزیاں بیچنا شروع کر دیں تاکہ اس آزمائش کے وقت میں وہ اپنے گھر والوں کے لیے کچھ کر سکیں۔
جب یہ خبر بالی وڈ اداکار سونو سود تک پہنچی تو انھوں نے شاردا کو نوکری دینے کا وعدہ کیا۔ سونو سود ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کے آفیشلز نے لڑکی سے ملاقات کی، ان کا انٹرویو کیا اور انھیں نوکری کے لیے خط روانہ کیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل شاردا نے خبررساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ حیدر آباد کی ان کی کمپنی نے انھیں کہا کہ ان کے پاس پراجیکٹ نہیں ہیں اس لیے وہ تنخواہ نہیں دے سکتی۔
انھوں نے کہا: 'ملک میں مجھ جیسے بہت سے لوگ ہیں جو جینے کے لیے سخت مشقت کر رہے ہیں۔ مجھے اپنے جینے کے لیے کام کرنا ہے۔ اگر میں کام نہیں کروں گی تو ہمیں کون کھلائے گا۔'
اس طرح کی نہ جانے کتنی کہانیاں ملک بھر میں سنی اور دیکھی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل سونو سود نے آندھرا پردیش میں ایک کسان کے کنبے کی تکالیف کے بارے میں جاننے کے بعد انھیں ٹریکٹر دیا تھا تاکہ ان کی زندگی میں بہتری آ سکے۔
اسی طرح شاردا کا کہنا ہے کہ وہ محنت کریں گی تو نہ صرف اپنا سہارا بنیں گی بلکہ دوسروں کی بھی مدد کر سکیں گی۔

شیئر: