Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان

ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے والی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے (فوٹو انگلینڈ کرکٹ بورڈ)
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ اگست سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی اس ٹیم کو برقرار رکھا ہے جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی سمیٹی ہے۔ انگلش ٹیم نے میزبان سائیڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد تین میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو دو، ایک سے شکست دی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں اولڈ ٹریفرڈ کے گراؤنڈ میں پانچ اگست کو تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل آئیں گی۔

پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے قومی سیلیکٹر ایڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ’ویسٹ انڈیز کے خلاف یکے بعد دیگرے تین میچوں کے بعد ہم پاکستان کے خلاف اتنی ہی مصروف کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں جس میں تین ہفتے کے دوران پندرہ دن ٹیسٹ کرکٹ کھیلی جائے گی۔ ہماری 14 رکنی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے‘۔
سیلیکٹر کے مطابق ٹیم اور ریزرو کھلاڑی دو اگست کو اولڈ ٹریفرڈ میں رپورٹ کریں گے۔
ایڈ سمتھ کے مطابق یکم اگست سے کاؤنٹی کرکٹ بھی شروع ہو رہی ہے۔ ہم بائیوسیکیور ٹیسٹ میچ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں کی مناسب تعداد یقینی بنانے کے ساتھ چاہتے ہیں کہ جہاں ممکن ہو سکے ریزروز کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کھیلنے کا موقع بھی دیا جائے‘۔
انہوں نے اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے دوران ریزرو کھلاڑیوں میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں دو، ایک سے کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو انگلینڈ کرکٹ بورڈ)

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلش سکواڈ

جوروٹ (کپتان)، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچ، ڈومینک بیس، سٹیورٹ براڈ، روری برنس، جوز بٹلر، زیک کرالر، سیم کرن، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین سٹوکس، کرس ووکس، مارک وڈ۔
جیمز بریسے، بین فوکس، جیک لیچ، ڈین لارنس کو ریزر کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔
ٹیم کے اعلان کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد پلینگ الیون میں شامل ناموں سے متفق دکھائی دی تاہم کچھ سوشل میڈیا یوزرز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کا ذکر کیا تو جاننا چاہا کہ وہ کیوں نہیں شامل کیے گئے ہیں۔
کچھ صارف اعلان کردہ کھلاڑیوں سے متعلق اپنے تحفظات کو گفتگو کا حصہ بناتے رہے تو دیگر انہیں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا حوالہ دے کر سیلیکشن کو درست ثابت کرنے پر مصر رہے۔

پاکستانی کرکٹ شائقین میں سے کچھ نے ایلسٹر کک اور جونی بیرسٹو کی انگلش ٹیم میں عدم موجودگی کو گرین شرٹس کے لیے مفید قرار دیا۔

انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز پاکستانی بلے باز بابر اعظم کے لیے اس لحاظ سے اہم قرار دی جا رہے ہیں کہ اگر وہ تین ٹیسٹ میچوں کی چھ اننگز میں 300 سے 450 یا اس سے زائد سکور کرتے ہیں تو وہ ٹیسٹ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں اپنی درجہ بندی بہتر کر کے سرفہرست آ سکتے ہیں۔
قبل ازیں 27 جولائی کو پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی سکواڈ شاٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ:

اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔

شیئر:

متعلقہ خبریں