Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لگتا ہے امی نے صفائی کا کہہ دیا‘

زائرہ وسیم نے عامر خان کے ساتھ فلم 'دنگل' میں کام کیا تھا۔ (تصویر: فیس بک )
عیدالاضحی ہو یا میٹھی عید ہر گھر میں صفائی کا کام ایک دو ہفتے پہلے ہی شروع کر دیا جاتا ہے۔  تہواروں پر ملازمین کو بھی چھٹیاں درکار ہوتی ہیں جس کی وجہ سے عید سے کچھ دن پہلے ہی صفائی کو مکمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ خواتین مصروفیات کی مناسبت سے دن تقیسم کر لیتی ہیں تاکہ ملازمین کو بھی بروقت چھٹیاں دی جا سکیں۔ کپڑے دھونا، جھاڑ پونچھ کرنا، فریج صاف کرنا جو زیادہ تر عید الاضحی سے پہلے کیا جاتا ہے تاکہ  قربانی کے گوشت اور تیار کردہ ڈشزکو خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔
گھر کی جھاڑ پونچھ کرنا بظاہر سب سے آسان کام لگتا ہے مگر شاید سب سے زیادہ تھکا دینے والا کام یہی ہوتا ہے جس میں وقت بھی بہت لگتا ہے۔ جالے اتارنا ، پنکھے صاف کرنا اور ڈسٹنگ کرنا سب اسی کا حصہ ہوتے ہیں۔ گھر کے وہ کونے جو اکثر معمول کی صفائی ستھرائی میں نظرانداز کیے جا سکتے ہیں وہ بھی عید کے تہواروں سے قبل ضرور صاف کیے جاتے ہیں۔
جالے اتارنا بھی اسی میں سے ایک ہیں جو ہم میں سے کئی لوگوں کو سب سے مشکل مرحلہ لگتا ہے، اداکارہ زائرہ وسیم  بھی ان دنوں یہی کر رہی ہیں۔
شوبز اور فلم انڈسٹری کو چھوڑنے والی زائرہ وسیم نے بھی شاید صفائی کے ہاتھوں تنگ آکر ٹوئٹر پر لطیفہ لکھ  ڈالا جس پر صارفین خوب ہنسے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل گھروں میں ہونے والی صفائی کی مناسبت سے کی گئی ٹویٹ میں زائرہ نے لکھا ’کوئی اور نہیں مکڑیاں انسانوں کے گھروں کے کونے میں پانچ ہزار جالے بنا کر خود بھول  جاتی ہیں کہ اب کرتے رہو انہیں صاف مجھے کیا‘

ٹوئٹر صارف جنید خان نے لکھا کہ ’لگتا ہے آج امی نے آپ سے صفائی کا کہہ دیا ہے‘

زائرہ وسیم نے گذشتہ سال مذہبی وجوہات کی بنا پر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ زائرہ وسیم نے سال 2015 میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
ایک اور صارف حذیفہ  عتیق کا کہنا تھا کہ ’لائن تو اچھی ہے مگر بہت سے لوگ صرف تہواروں پر ہی گھر صاف کرتے ہیں‘

کئی صارفین نے زائرہ کے لطیفے کو آگے بڑھاتے ہوئے بھی ٹویٹس کیں۔ قمر نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’انسان مکڑی سے کہتا ہے بے شک 5000 جالے بنا لے ایک جھاڑو چلتے ہی سارے جالے صاف ہوجائیں گے۔‘

 

شیئر: