Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی میں موجود داعش کے اہم سہولت کار کی نشاندہی

گزشتہ دنوں ترکی کی پولیس نے داعش کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی تھی (اے ایف پی)
شدت پسندوں کے عالمی مالیاتی نیٹ ورک توڑنے کے اقدامات کے تحت واشنگٹن نے ترکی میں مقیم داعش کے ایک اہم فنانسر  کی نشاندہی کی ہے، جو اس تنظیم کو مالی معاونت فراہم کرتا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ میں غیر ملکی اثاثہ جات پر کنٹرول کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ داعش کے سہولت کار عدنان محمد امین الراوی نے داعش کو مالی، مادی اور ٹیکنالوجیکل سپورٹ فراہم کی۔
’یہ کارروائی کاؤنٹر داعش فائننس گروپ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، اس گروپ میں 60 سے زیادہ ممالک اور بین الاقوامی تنظیمیں شامل ہیں جو بین الاقوامی مالیاتی نظام تک تنظیم کی رسائی روکنے کے لیے بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔‘
محکمہ خزانہ کے مطابق مذکورہ شخص کی تمام جائیداد اور اثاثے جو امریکہ میں ہوں یا کسی امریکی فرد کے زیرنگرانی ہوں، کو منجمد اور رپورٹ کیا جائے۔
ترکی میں داعش کے پوشیدہ سیلز فعال ہیں، پولیس نے دہشت گرد حملے کی تیاری کے شبے میں 19 جولائی کو استنبول کے 15 اضلاع میں داعش سے منسلک 27 افراد کو حراست میں لیا تھا۔
دریں اثنا کوئی بھی بین الاقوامی مالیاتی ادارہ او ایف اے سی کے نامزد کردہ شخصیات کی طرف سے مالی لین دین کرتا یا سہولت فراہم کرتا ہے تو اس پر امریکی پابندیاں عائد ہوں گی۔
گذشتہ نومبر میں واشنگٹن نے ترکی میں موجود تین کمپنیوں اور ترکی میں مقیم دو افراد کو داعش کو مالی اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کے الزام میں بلیک لسٹ کیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں