Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’منشیات سمگل‘ کرنے والی بلی فرار

بلی کی گردن کے ساتھ منشیات اور دیگر اشیا بندھی ہوئی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کی ایک جیل میں مبینہ طور پر منشیات اور موبائل فون سِم کارڈز سمگل کرنے پر قید کی گئی بلی فرار ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس بلی کا سراغ سنیچر کو ویلی کاڈا جیل کے انٹیلیجنس حکام نے لگایا تھا۔
ایک افسر نے بتایا کہ جب بلی کو پکڑا گیا تو اس کی گردن کے ساتھ دو گرام ہیروئین، دو سِم کارڈز اور ایک میموری چپ بندھی ہوئی تھی، تاہم وہ اتوار کو جیل کے ایک کمرے سے فرار ہو گئی لیکن جیل حکام نے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اس جیل کی دیوار سے منشیات کے چھوٹے پیکٹ، موبائل فونز اور فون چارجرز پھینکنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
سری لنکا منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کی کوشش میں ہے اور قبضے میں لی گئی منشیات کو فروخت کرنے کے جرم میں اینٹی نارکوٹکس کے جاسوس بھی پکڑے گئے ہیں۔
سری لنکن پولیس نے گذشتہ ہفتے ایک عقاب کو پکڑا تھا جس کے ذریعے منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد مبینہ طور پر دارالحکومت کولمبو کے مضافات میں منشیات فروخت کرتے تھے۔
 

شیئر: