Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں قدرتی آبشار دیکھنے والوں کا رش

لوگ پہاڑی پر چڑھ کر یادگار تصاویر بناتے ہیں (فوٹو: سبق)
 سعودی عرب میں الباحہ شہر بادلوں کے لیے مشہور ہے۔ یہاں کی وادیوں اور دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے مملکت کے کونے کونے سے سیاح الباحہ جاتے ہیں۔ 

مملکت کے کونے کونے سے سیاح الباحہ آتے ہیں (فوٹو: سبق)

ان دنوں الباحہ شہر کے باہر جنگل کو جانے والے راستے پر غیر معمولی رش ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد قدرتی آبشار سے لطف اندوز ہونے کے لیے وہاں کا رخ کر رہی ہے۔ 
سبق نیوز کے مطابق الباحہ ریجن ان دنوں بارش کی زد میں ہے۔ شہری دفاع کی جانب سے بھی اہل علاقہ اور وہاں آنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد قدرتی آبشار دیکھنے کے لیے کسی قسم کے خطرے کو خاطر میں نہیں لا رہی۔ 

شہری دفاع کی جانب سے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کے لیے کہا گیا ہے (فوٹو: سبق)

آبشار جس پہاڑ سے ہو کر جھیل میں گرتی ہے وہ راستہ اگرچہ عام دنوں میں بھی انتہائی خطرناک ہوتا ہے مگر موسم برسات میں مزید پُرخطر ہو جاتا ہے کیونکہ بارش کی وجہ سے ہونے والی پھسلن پر اگر قابو نہ رکھ سکیں تو کئی فٹ نیچے تالاب میں جا گریں گے۔ اس حوالے سے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ خصوصی احتیاط برتیں کیونکہ ان دنوں موسم برسات کی وجہ سے پہاڑی ڈھلوان کا راستہ کافی خطرناک ہو گیا ہے۔ 

بارش کی وجہ سے ہونے والی پھسلن خطرناک ہوسکتی ہے (فوٹو: سبق)

لوگوں کی بڑی تعداد بادلوں کے اس شہر میں آکر خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ جو بھی یہاں آتا ہے وہ آبشار پر ضرور جاتا ہے۔
اگرچہ آبشار کا نظارہ کرنے کے لیے انتظامیہ نے محفوظ پلیٹ فارم بنایا ہوا ہے اس کے باوجود لوگ پہاڑی پر چڑھ کر یادگار تصاویر بناتے اور نظاروں سے لطف اندوز ہو تے ہیں-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: