Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرے کی اجازت دینے پر غور

ححاج واپسی کے بعد گھروں میں چودہ دن تک آئسولیشن میں رہیں گے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں اس سال محدود حج آپریشن کامیابی سے اختتام پذیر ہونے پر مملکت کے آٹھ شہروں سے آنے والے حجاج کو جدہ ائیر پورٹ سے ان کے شہروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔
ححاج واپسی کے بعد اپنے گھروں میں 14 دن تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
 العربیہ نیوز  کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹرحسین الشریف کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کا ہر سطح سے جائزہ لیا جارہا ہے جو ایک روٹین کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہربرس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوں پر غور کرکے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کےلیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔‘
ڈاکٹر الشریف نے عمرہ کے حوالے سے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔ 
جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد نے ’عکاظ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پرعمل کرتے ہوئے حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم  کی گئیں۔‘
’حجاج آمد سے لیکر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘ 
اس سال مملکت کے آتھ شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابھا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا۔ 

حجاج کی آمد و روانگی کے لیے 25 پروازیں مخصوص تھیں(فوٹو ایس پی اے)

حجاج کی آمد و روانگی کے لیے 25 پروازیں مخصوص تھیں جن کے ذریعے مذکورہ شہروں سے حجاج کرام کو جدہ لایا اور فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد واپس لے جایا گیا۔ 
حجاج کی واپسی مقررہ شیڈول کے مطابق کی گئی جس کی براہ راست نگرانی حج کمیٹی کے نگران اعلی گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کررہے تھے۔ 
واضح رہے وزارت حج کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر انتہائی محدود پیمانے پر عازمین حج کا انتخاب کیا گیا تھا جس میں 70 فیصد مملکت میں مقیم غیر ملکی جبکہ 30 فیصد وہ سعودی شہری شامل تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہوئے اور صحتیابی کے بعد انہیں وزارت حج کے مہمان کے طور پر امسال فریضہ حج کی سعادت نصیب ہوئی۔ 

حجاج میں 70 فیصد غیر ملکی جبکہ 30 فیصد سعودی شہری شامل تھے(فوٹو ایس پی اے)

اس سال محدود حج آپریشن کے تمام انتظامات مثالی رہے جن کے تحت عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلہ پر وزارت صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے حجاج کی صحت اور دیگر امور کی نگرانی کی جاتی رہی۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کسی حاجی میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

شیئر: