سعودی قیادت کو یوم الوطنی پر خلیجی اور عرب رہنماؤں کی مبارکباد
خلیجی اور عرب رہنماؤں نے سعودی قیادت کو یوم الوطنی کے مبارکباد کے پیغام بھیجے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت کو مملکت کے 96ویں یوم الوطنی پر خلیجی اور عرب رہنماؤں نے مبارکباد دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یوم الوطنی پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے۔
انہوں نے کئی دہائیوں کے دوران مختلف شعبوں میں مملکت کی کامیابیوں اور بین الاقوامی برادری میں اس کے نمایاں مقام کی تعریف کی۔
انہوں نے سعودی عرب اور بحرین کے درمیان گہرے بردارانہ تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔ دونوں ملکوں کے مشترکہ مقاصد اور عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لیے سٹریٹیجک شراکت داری کے تحت باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی سعودی قیادت کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے سعودی عرب، کویت اور اس کے عوام کو جوڑنے والے گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔
عمان کے فرمانروا ھیثم بن طارق کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے گئے۔
سلطان ھیثم بن طارق نے دلی مبارکباد دی اور مملکت کی مسلسل خوشحالی اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارکباد کے پیغامات روانہ کیے۔
مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے بھی شاہ سلمان اور ولی عہد کو مبارکباد دی ہے۔
یاد رہے سعودی عرب کا نیشنل ڈے (یوم وطنی) ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ یوم الوطنی تیسری سعودی ریاست کے قیام کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔
شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاول 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اورعوام 23 ستمبر کو یوم وطنی مناتے ہیں۔
