Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اندازہ نہیں تھا کہ اس قدر عزت ملے گی: آصف مگسی

ٹک ٹاک پر 'ہیرو پاکستانی' کے نام سے مشہور صوبہ سندھ کے علاقے ٹھٹہ کے نوجوان آصف مگسی نے موٹر سائیکلوں اور نہروں کے اوپر سے چھلانگیں لگا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
آصف مگسی کو پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ٹرائلز کے لیے بلایا ہے، وہ آج بدھ کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔
روانگی سے قبل اردو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں آصف مگسی نے بتایا کہ وہ ویڈیوز پر آنے والے ردعمل سے خوش ہیں۔ آصف مگسی نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کچھ ایسا کرنا چاہتے تھے کہ جس سے پاکستان کا نام روشن ہو۔

 

انہوں نے بتایا کہ نہر کو چھلانگ لگا کر عبور کرنے کی ویڈیو پر آنے والے زبردست رسپانس نے ان کو کچھ نیا کرنے کا حوصلہ دیا جس کے بعد موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگا کر ریکارڈ بنایا۔
واضح رہے کہ سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے آصف مگسی کی نہروں اور موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے والی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ان کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر کا کہنا ہے کہ لاہور میں ٹرائلز کے دوران آصف مگسی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
'انہوں نے گیارہ موٹر سائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگائی ہے۔ یہ فاصلہ تقریباً 22 فٹ بنتا ہے، ان کی دیگر ویڈیوز بھی دیکھی ہیں لیکن لاہور میں ٹرائلز کے دوران صحیح جائزہ لیا جائے گا، تکنیکی ٹیم بھی ان کی کارکردگی دیکھے گی پھر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کو کس قسم کی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔'

شیئر: