Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان دھماکے: 'میرا آدھا چہرہ اور جسم خون میں لتھڑا ہوا تھا'

اداکارہ نادین نسیب نجیم بندرگاہ کے قریب رہتی ہیں (فوٹو: گیٹی)
لبنانی اداکارہ نادین نسیب نجیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ منگل کو بیروت میں زوردار دھماکوں کے بعد ان کا چھ گھنٹے کا آپریشن ہوا۔
گزشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر دھماکوں میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اداکارہ نادین نسیب نجیم بندرگاہ کے قریب رہتی ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا کہ ان کا آدھا چہرہ اور آدھا جسم خون میں لتھڑا ہوا تھا۔
’میں سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے میری زندگی بچائی، دھماکہ بہت قریب ہوا، اور یہ مناظر جو آپ دیکھ رہے ہیں اس سے تباہی کا درست اندازہ نہیں کیا جا سکتا، اگر آپ میرے گھر آئیں گے اور ہر جگہ خون دیکھیں گے تو آپ حیران رہ جائیں گے کہ آپ لوگ کیسے ابھی تک زندہ ہیں۔‘
اداکارہ کے گھر میں ٹوٹے ہوئے شیشے بکھرے پڑے تھے، دیواروں میں دراڑیں تھیں اور ٹوٹا ہوا فرنیچر ہر جگہ نمایاں تھا۔

ان کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق لبنانی اداکارہ ننگے پاؤں عمارت کی 22 منزلوں سے خود نیچے پہنچی اور ایک گاڑی میں بیٹھے شخص سے مدد طلب کی۔
’اس شخص نے مجھے ایک قریبی ہسپتال پہنچایا لیکن وہاں مجھے داخل کرنے سے انکار کر دیا گیا کیونکہ وہ پہلے ہی زخمی لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ پھر اس نے مجھے ایک اور ہسپتال پہنچایا جہاں مجھے فوراً داخل کیا گیا اور میرا چھ گھنٹے کا آپریشن ہوا۔‘
36 سالہ لبنانی اداکارہ نے کہا کہ دھماکوں کے وقت ان کے دونوں بچے ان کے ساتھ نہیں تھے، وہ ’ٹھیک اور محفوظ ہیں۔‘

نادین نسیب نجیم کی طرح متعدد لبنانی شخصیات نے دھماکوں سے متاثر اپنے گھروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
گلوکارہ ہائفہ وہبی نے دھماکے سے متاثر اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ کا شکر ہم سب ٹھیک ہیں۔‘
اس دھماکے میں ان کا ملازم زخمی ہوا ہے، انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے فالورز سے کہا کہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
سوشل میڈیا پر فیشن ڈیزائنر دالیدا عیاش کی ویڈیو بھی شیئر ہوئی ہے، وہ بھی زخمی ہوئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ دالیدا عیاش گلوکار رامی عیاش کی اہلیہ ہیں۔
گلوکارہ الیسا نے ٹوئٹر پر اپنے متاثرہ گھر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس بار دھاتوں اور املاک کو نقصان پہنچا، لیکن جو چلے گئے ان کو کون واپس لائے گا، بیروت کو کون واپس لائے گا؟‘
گلوکار راغب علامہ کا گھر بھی دھماکے سے متاثر ہوا لیکن وہ اپنے خاندان کے ساتھ شہر سے باہر تھے۔
اس زوردار دھماکے کی وجہ سے کئی فیشن ڈیزائنرز کے سٹوڈیوز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

شیئر: