Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برفانی چیتے کا شکار: شکاریوں کو دو سال قید

گلگت بلتستان میں برفانی چیتے کے غیر قانونی شکار کرنے پر وائلڈ لائف کی عدالت نے دو ملزمان کو دو سال قید اور پچاس لاکھ جرمانے جبکہ دو کو ایک ایک سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
گلگت بلتستان میں پولیس نے برفانی چینتے کا غیر قانونی شکار کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
 محکمہ جنگلی حیات گلگت بلتستان کے ایک اعلامیے کے مطابق کنزرویٹر پارکس و جنگلی حیات گلگت بلتستان خادم عباس کو دو اگست کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی شکاری نے ہوپر نگر میں ایک برفانی چیتے کا شکار کیا ہے جس پر کنزرویٹر نے ڈی ایف او وائلڈ لائف نگر کو فوری طور کاروائی کا حکم دے دیا۔
محکمے کے عملے نے ملزم کے بارے میں مختلف ذرائع بشمول سوشل میڈیا کی مدد سے تفصیلات جمع کیں اور مکمل کوائف ملنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم محمد سلیم ولد حسین علی کو گرفتار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے دیگرساتھیوں کی بھی نشاندھی کی جن میں محمد ولد مالک ارشد، ابراہیم ولد جعفر علی، محمد امیں ولد عیسیٰ خان اور عالم جان ولد بلبل جان شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد والڈ لائف مجسٹریٹ/ڈی ایف او جبران حیدر کے سامنے پیش کیا۔
عدالت نے سمری ٹرائل کے بعد ملزمان پر جرم ثابت ہونے پر مختلف سزائیں سنائیں۔
سلیم ولد حیسن اور محمد ولد مالک ارشد کو دو سال قید اور پچاس پچاس لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرمان کو مزید چھ ماہ جیل میں گزارنا ہوں گے۔
دیگر دو مجرموں کو ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی جب کہ ایک شریک مجرم کو ایک ماہ قید کی سزا دی گئی۔

شیئر: