Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ بیروت: شاہ سلمان مرکز کی جانب سے امدادی مہم کا آغاز

دس ٹن سے زائد امدادی اشیا میں ادویات اور طبی لوازمات شامل ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود مرکز برائے ہیومن ایڈ کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کردی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امدادی سامان کی پہلی کھیپ 120 ٹن سے زائد مختلف طبی اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا پر مشتمل تھی جو شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دو خصوصی کارگو طیاروں کے ذریعے روانہ کی گئی۔

امدادی سامان کی پہلی کھیپ شاہ خالد ہوائی اڈے سے روانہ ہوئی۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سانحہ بیروت میں متاثرین کی امداد کے لیے بھیجی جانے والی اشیا میں ہنگامی حالت میں درکار ادویات، میڈیکل لیبارٹری کے آلات، مخصوص مشینیں، خیمے، اشیائے خورونوش کے علاوہ دیگرہنگامی نوعیت کے لیے استعمال ہونے والی اشیا شامل ہیں۔
اس ضمن میں ایوان شاہی میں مشیر اور شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیروت میں ہونے والے تباہ کن دھماکے پر ہر دل اداس ہے، ہم ان نازک لمحات میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے منگل کو بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے تباہ کن دھماکے میں دسیوں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے علاوہ ازیں سیکڑوں مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کی وجہ سے ان مکانوں میں رہنے والوں کےلیے جائے پناہ بھی نہ رہی۔

شیئر: