Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی تین جامعات ٹاپ ٹین فہرست میں شامل

کے ایف یو پی ایم دوسرے نمبر پرجبکہ عالمی سطح پر اس کی پوزیشن  186 ویں رہی- فوٹوسبق
سعودی عرب کی تین یونیورسٹیاں عرب ممالک کی 10 بہترین جامعات کی فہرست میں شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی دو، قطر کی ایک جبکہ مصر، لبنان اور عمان کی ایک، ایک  یونیورسٹی اس فہرست کا حصہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کیو ایس نے 2021 کے حوالے سے دنیا کی ایک ہزار بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ ان میں عرب دنیا کی دس بہترین یونیورسٹیاں عالمی سطح پر 143 اور 650 کے درمیان آئی ہیں۔ 
کیو ایس بہترین یونیورسٹی کی  زمرہ بندی کے لیے 6 مختلف معیار استعمال کر رہا ہے۔ یونیورسٹی کی اکیڈمک شہرت لیبر مارکیٹ میں اس کے فضلا کی حیثیت، طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے تدریسی عملے کی تعداد،ِ پروفیسران کی ڈگریوں کی حیثیت، غیرملکی طلبہ کی تعداد اور تدریسی عملے میں غیرملکی اساتذہ کا تناسب دیکھ کر ہی یونیورسٹی کا رتبہ طے کیا جاتا ہے۔ 
دنیا بھر میں پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر امریکی یونیورسٹیاں ہیں۔ ان میں میسا چوسٹس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ پہلے نمبر پر جبکہ سٹنفورڈ دوسرے، ہارورڈ تیسرے اور کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ چوتھے نمبر پر ہے۔
سعودی جامعات میں کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی عربوں میں اول اور دنیا بھر میں 143 ویں نمبر پر رہی البتہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس کی پوزیشن  بہتر ہوئی- گزشتہ سال اس کا نمبر 150 واں تھا۔ 
عرب جامعات میں کے ایف یو پی ایم دوسرے نمبر پر رہی۔ عالمی سطح پر اس کی پوزیشن  186 ویں آئی۔ گزشتہ سال عالمی سطح پر اس کا نمبر  189 تھا۔  

خلیفہ یونیورسٹی عرب دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے- فوٹو سبق

خلیفہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی عرب دنیا میں تیسرے اور عالمی سطح پر 211 ویں نمبر پر رہی- یہ 2007 میں قائم کی گئی تھی۔ 
بیروت کی امریکن یونیورسٹی عرب جامعات میں چوتھے اور عالمی سطح پر  220 ویں نمبر پر  آئی۔ یہ نجی یونیورسٹی ہے- یہ 1866  میں بیروت میں قائم کی گئی۔ 
قطر یونیورسٹی عرب جامعات میں پانچویں اور عالمی سطح پر 245 ویں نمبر پر ہے۔ یہ  1973 میں قائم کی گئی تھی۔
امارات یونیورسٹی عرب جامعات میں چھٹے اور عالمی جامعات میں  284 ویں نمبر پر ہے- یہ  1976 میں قائم کی گئی تھی۔ 

کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی عرب دنیا میں پہلے نمبر پر رہی- فوٹو سبق

کنگ سعود یونیورسٹی عرب جامعات میں ساتویں اور عالمی جامعات میں  287 ویں نمبر پر آئی۔ یہ 1997 میں قائم ہوئی تھی۔
شارجہ کی امریکن یونیورسٹی کا نمبر عرب جامعات میں آٹھواں اور عالمی سطح پر  348 واں ہے- یہ 1997 میں قائم کی گئی تھی۔ 
السلطان قابوس یونیورسٹی کا نمبر عربوں میں نواں اور عالمی جامعات میں  375 واں ہے۔ یہ 1986 میں قائم کی گئی۔ 
قاہرہ میں امریکن یونیورسٹی کا عرب جامعات میں دسواں نمبر آیا اور عالمی جامعات میں اس کی پوزیشن 411 ویں ہے۔ یہ  1919 میں قائم کی گئی ہے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: