Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا متاثرین 24 لاکھ کے قریب

انڈیا نے گذشتہ دنوں اموات میں برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا: فوٹو اے ایف پی
انڈیا میں کورونا کے ایک بار پھر ریکارڈ کیسز درج کیے گئے ہیں اور وائرس سے متاثرین کی تعداد 24 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 66 ہزار 999 تازہ مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 942 افراد ہلاک بھی ہو گئے ہیں اور ہلاک والوں کی مجموعی تعداد 47 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
کورونا سے متاثرین کے معاملے اگر انڈیا امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے اور ہلاکتوں کے معاملے میں امریکہ، برازیل اور میکسیکو کے بعد چوتھے نمبر پر آ گيا ہے۔ انڈیا نے گذشتہ دنوں اموات میں برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ ایکٹو کیسز ہیں جبکہ تقریبا 17 لاکھ لوگ مکمل یا جزوی طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا رام جنم بھومی ٹرسٹ کے سربراہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ گذشتہ ہفتے پانچ اگست کو رام مندر کی تعمیر کے لیے کی جانے والی زمین کی پوجا میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ملک کی کئی دوسری اہم شخصیات کے ساتھ تھے۔
مہنت نرتیا گوپال داس 82 سال کے ہیں اور پانچ اگست کو وہ انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں ایودھیا میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم کے ساتھ سٹیج شیئر کرنے والے پانچ افراد میں شامل تھے۔
دوسرے افراد میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت شامل ہیں۔
خبررساں ادارے اے این آئی نے اترپردیش کے چیف میڈیکل آفیسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ ابھی متھورا میں ہیں لیکن ان کے علاج کے لیے میدانتا کے ڈاکٹر تریہان سے بات کی گئی ہے اور انہیں فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کا کہا ہے۔
متھرا کے ضلع مجسٹریٹ ایس آر مشرا نے بتایا ہے کہ ان کی حالت 'مستحکم' ہے اور انہیں دارالحکومت دہلی سے ملحق شہر گروگرام کے میدانتا ہسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

شیئر: