Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھانے سے پہلے وزن کروائیں، چینی ریستوران کی شرط

چینی صدر شی جن پنگ نے اپیل کی تھی کہ خوراک کو ضائع مت کریں (فوٹو: اے ایف پی)
چین میں ایک ریستوران نے خوارک کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے شروع کی گئی قومی مہم کے تحت پالیسی بنائی تھی کہ ریستوران میں داخل ہونے سے پہلے گاہکوں کا وزن چیک کیا جائے، تاہم تنقید کے بعد ریستوران انتظامیہ نے معافی مانگ لی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے چنگ شا کے مرکزی شہر میں واقع بیف ریسٹورنٹ پر جمعے کو بنائی گئی پالیسی پر سخت تنقید کی۔
چائنہ نیوز سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق گاہکوں کو کہا گیا کہ وہ وزن کرنے والی مشین پر کھڑے ہوں اور اپنے وزن اور ڈشز کے مطابق ایپ میں ڈیٹا درج کریں۔

 

چینی صدر شی جن پنگ نے رواں ہفتے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ خوراک کو ضائع مت کریں کیونکہ کورونا وائرس اور سیلابوں کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
چین میں جب لوگوں کے گروپ کھانے کے لیے ریستورانوں میں آتے ہیں تو ضرورت سے زیادہ کھانا آرڈر کرتے ہیں۔
لہٰذا چینی صدر کی اپیل کے بعد ریستورانوں کے باہر سائن بورڈ آویزاں کیے گئے جن پر لکھا تھا کہ ’آپریشن خالی پلیٹ۔‘
اس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر اس معاملے سے متعلق ہیش ٹیگز چلنا شروع ہو گئے جنہیں تین کروڑ لوگوں نے دیکھا۔
بعد ازاں ریستوران نے لوگوں کا ردعمل دیکھتے ہوئے سنیچر کو معافی طلب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا اصل مقصد خوراک کو ضائع ہونے سے بچانا تھا۔ ہم نے کبھی گاہکوں کو مجبور نہیں کیا کہ وہ اپنا وزن کروائیں۔‘
چین کے سرکاری میڈیا نے خوراک کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔

شیئر: