امریکی راک کلائمر الیکس ہونولڈ نے تائی پے 101 کو بغیر کسی رسی کے سر کر لیا
امریکی راک کلائمر الیکس ہونولڈ نے تائی پے 101 کو بغیر کسی رسی کے سر کر لیا
اتوار 25 جنوری 2026 16:29
امریکی راک کلائمر الیکس ہونولڈ نے تائیوان کی فلک بوس عمارت تائی پے 101 کو بغیر کسی رسی یا حفاظتی سازوسامان کے سر کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اتوار کو الیکس جیسے ہی 1667 فٹ بلند ٹاور کی چوٹی پر واقع مینار تک پہنچے، نیچے سڑک پر موجود ہجوم نے زور دار تالیاں اور نعروں سے ان کا استقبال کیا۔
انہوں نے تقریباً 90 منٹ میں یہ چڑھائی مکمل کی۔ سرخ رنگ کی آدھی آستین والی شرٹ پہنے ہوئے، الیکس نے چوٹی پر پہنچ کر دونوں بازو سر کے اوپر لہرا کر ہجوم کا جواب دیا۔
بعد ازاں انہوں نے کہا کہ ’یہ نظارہ ناقابلِ یقین تھا، دن بہت خوبصورت تھا۔ ہوا کافی تیز تھی، اس لیے میں خود سے کہہ رہا تھا کہ مینار سے گرنا نہیں ہے۔ میں توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن یہ ایک شاندار مقام تھا اور تائی پے کو دیکھنے کا ایک انتہائی خوبصورت طریقہ۔‘
یوسیمائٹ نیشنل پارک کی ایل کیپیٹن چٹان کو بغیر رسی سر کرنے کی وجہ سے شہرت پانے والے الیکس ہونولڈ نے تائی پے 101 کے ایک کونے سے چڑھائی شروع کی۔ انہوں نے عمارت پر موجود چھوٹے ایل نما ابھاروں کو قدم جمانے کے لیے استعمال کیا۔ دورانِ چڑھائی انہیں عمارت سے باہر نکلے ہوئے بڑے آرائشی ڈھانچوں کے گرد گھومنا اور ان کے اطراف سے اوپر چڑھنا پڑا، جہاں وہ صرف اپنے ہاتھوں کے سہارے خود کو اوپر کھینچتے رہے۔
عمارت میں کل 101 منزلیں ہیں، جن میں سب سے مشکل مرحلہ درمیانی حصے کی 64 منزلیں تھیں، جنہیں ’بانس کے ڈبے‘ کہا جاتا ہے اور یہی عمارت کو اس کی منفرد شناخت دیتے ہیں۔
الیکس ہونولڈ نے کہا کہ ’ہوا کافی تیز تھی، اس لیے میں خود سے کہہ رہا تھا کہ مینار سے گرنا نہیں ہے۔‘ (فوٹو: اے پی)
تائیوان کے دارالحکومت میں واقع اس مشہور عمارت پر ہونولڈ کی یہ چڑھائی نیٹ فلکس پر 10 سیکنڈ کی تاخیر کے ساتھ براہِ راست نشر کی گئی۔ یہ مہم اصل میں سنیچر کو طے تھی، تاہم بارش کے باعث اسے 24 گھنٹے کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
الیکس ہونولڈ تائی پے 101 کو سر کرنے والے پہلے کوہ پیما نہیں ہیں، تاہم وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ بغیر کسی رسی کے انجام دیا۔ اس سے قبل فرانسیسی راک کلائمبر الین رابرٹ نے سنہ 2004 میں کرسمس کے دن، اس وقت دنیا کی بلند ترین عمارت کی افتتاحی تقریبات کے موقع پر، تائی پے 101 کو سر کیا تھا۔