’مدر آف آل ڈیلز‘، یورپی رہنما تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے انڈیا کے دورے پر
اتوار 25 جنوری 2026 19:24
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو انڈیا کی یورپی منڈیوں تک رسائی بڑھے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یورپی یونین کے رہنما انڈیا کے یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے ہیں، جہاں وہ ایک انتہائی اہم سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس دورے کا مرکزی مقصد ایک وسیع اور طویل مدت سے زیرِ التوا آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو حتمی شکل دینا ہے، جسے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈر لیئن نے ’مدر آف آل ڈیلز‘ یعنی تمام معاہدوں کی ماں قرار دیا ہے کیونکہ اس سے تقریباً دو ارب صارفین کی منڈی وجود میں آئے گی۔
یہ تجارتی مذاکرات ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے رکے ہوئے تھے، مگر حالیہ مہینوں میں دونوں فریقوں نے پیش رفت کی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق کچھ بنیادی اختلافات اب بھی موجود ہیں، جیسے انڈیا کی جانب سے کسانوں اور ڈیری سیکٹر کو یورپی مقابلے سے بچانے کی کوشش اور یورپی یونین کی سخت ماحولیاتی پابندیاں، لیکن اس کے باوجود دونوں فریق اس معاہدے کو غیر معمولی اہمیت دے رہے ہیں۔
انڈیا نے حالیہ برسوں میں آسٹریلیا، جاپان، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور عمان سمیت کئی ملکوں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ یورپی یونین کے ساتھ معاہدہ اس سلسلے میں ایک اور بڑا قدم ہوگا، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انڈیا پر بڑھائے گئے محصولات نے نئی دہلی کو عالمی سطح پر نئے تجارتی شراکت دار تلاش کرنے پر مجبور کیا ہے۔
یورپی یونین انڈیا کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے، جس کے ساتھ 2024–25 میں تجارت کا حجم 136 ارب ڈالر رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو انڈیا کی یورپی منڈیوں تک رسائی بڑھے گی، تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور یہ انڈیا کے اب تک کے سب سے بڑے اور اہم ترین تجارتی معاہدوں میں شمار ہوگا۔
