Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیر لائسنس ڈرون کے استعمال پر سزا

ایک برس تک قید اور ایک لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے کہا ہے کہ محکمے نے گذشتہ دنوں ڈرونز کے لیے ہزاروں لائسنسز جاری کیے ہیں۔ یہ لائسنس تجارتی اور تفریحی دونوں طرح کے ڈرونز کے لیے دیے گئے ہیں۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق الروسا نے بتایا کہ ڈرونز کے اندراج اور آپریشن کے طریقہ کار سے متعلق نیا جامع لائحہ عمل جلد جاری ہوگا۔ فی الوقت جتنے ڈرونز مملکت میں اڑائے جا رہے ہیں ان کا تعلق تفریحی اور تجارتی سرگرمیوں سے ہے۔
سعودی شہری ان دنوں ڈرونز سے زرعی فارموں، فیکٹریوں اور مختلف مقامات کے فضائی مناظر کی تصویر کشی کر رہے ہیں۔ اسی طرح کے اور بھی کئی تفریحی و تجارتی کام ان سے لیے جا رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ڈرونز کے استعمال کا لائسنس دیا جاتا ہے انہیں آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ڈرونز کا استعمال کب، کیسے اور کہاں تک کرسکتے ہیں۔ لائسنس میں مقررہ ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

محکمہ شہری ہوابازی ضوابط ترتیب دے رہی ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)

الروسا نے کہا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی مقصد کے لیے بغیر لائسنس ڈرون استعمال نہیں کرسکتا جو اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اسے ایک برس تک قید اور ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جا سکتا ہے۔ 
شہری ہوابازی کے ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں ڈرونز کی درآمد اور ان کے کاروبار کی بھی اجازت دی جائے گی۔ اس حوالے سے محکمہ شہری ہوابازی متعلقہ اداروں کے تعاون سے ضابطے ترتیب دے رہی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں