بی این پی کے صدر اختر مینگل کورونا کا شکار
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں صحت یابی کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ نئے مثبت کیسز کم ہو رہے ہیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ سردار اختر مینگل میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بدھ کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے لکھا کہ 'میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جنہوں نے مجھ سے ملاقات کی میری ان تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ فوری اپنا ٹیسٹ کرائیں۔'

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھٹوں کے دوران ملک میں 613 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 11 مریضوں کا انتقال ہوا۔
بدھ کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں 22 ہزار 859 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک میں اس وقت کل 12 ہزار 116 ایکٹیو کیسز ہیں۔
پاکستان میں اب تک دو لاکھ 72 ہزار سے زائد مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک میں اب تک کل دو لاکھ 90 ہزار 445 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سب سے زیادہ سندھ میں ایک لاکھ 26 ہزار 743 اور پنجاب میں 95 ہزار 742 مریض سامنے آئے۔
ملک میں کورونا سے کل چھ ہزار 201 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں اس وقت 130 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں جبکہ کورونا کے مریضوں کے لیے مختص وینٹیلیٹرز کی تعداد ایک ہزار 920 ہے۔
پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض رواں سال فروری کے اختتام پر کراچی میں سامنے آیا تھا۔
ملک میں تقریبا دو ماہ تک لاک ڈاؤن رکھا گیا جس کے بعد مختلف کاروباری سرگرمیوں کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی۔