Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سے انڈیا کے پانچ شہروں کے لیے خصوصی پروازیں

بکنگ امارات ڈاٹ کام یا ٹریول ایجنٹس کے ذریعے کرائی جاسکتی ہے۔(فوٹو اے ایف پی)
 امارات ائیر لائن نے انڈیا کے پانچ شہروں بنگلور، کوچی، دہلی، ممبئی اور ترواننت پورم کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کیا ہے۔ ان پروازوں کے ذریعے امارات میں مقیم انڈین شہریوں اور انڈیا میں موجود اماراتی شہریوں کو واپس لایا جائے گا۔
اعلان کردہ  شیڈول کے مطابق بنگلور کے لیے 21 ، 23 ، 25 ، 28 ، اور 30 ​​اگست۔ کوچی کےلیے 20 ، 22 ، 24 ، 27 ، 29 ،31 اگست۔ دہلی کےلیے 31 اگست تک روزانہ ۔ ممبئی کے لیے 31 اگست تک روزانہ پروازیں اور ترواننت پورم کے لیے ایک پرواز 26 اگست کو چلائی جائے گی۔
 امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق تمام پروازوں کے لیے بکنگ امارات ڈاٹ کام یا ٹریول ایجنٹس کے ذریعے کرائی جاسکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام شرائط پوری کرنے والے مسافروں کو پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے صرف انڈین شہریوں کو دبئی سے ان پانچ انڈین مقامات جانے کی اجازت ہوگی۔
 متحدہ عرب امارات کے ان شہریوں اور رہائشیوں کو بھی اجازت ہوگی جن کے پاس جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اور امور خارجہ کا پیشگی اجازت نامہ ہوگا۔
دریں اثنا امارات ایئرلائن نے پاکستان کے شہرسیالکوٹ  کے لیے اپنی پروازوں کے شیڈول میں ترمیم کی ہے۔ امارات ائیرلائن سیالکوٹ کےعلاوہ پاکستان کے چار شہروں کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے لیے بھی براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔

ایمریٹس کی ویب سائٹ پر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔( فوٹو اے ایف پی)

 بیان کے مطابق مسافروں، سیاحوں اور معاشرے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے امارات آنے والے تمام مسافروں خواہ وہ کسی بھی ملک سے آرہے ہوں کے لیے کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہیں۔
دبئی کے رہائشی ایمریٹس کی ویب سائٹ پر تازہ سفری ہدایات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

شیئر: