Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین کی فراہمی تک تعلیم آن لائن ہوگی: وزیر صحت

حفاظتی اقدامات کی بدولت متاثرین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے- فوٹو: العربیہ
 سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں صحت کے شعبے میں صورتحال مستحکم ہے۔ 'ویکسین کی فراہمی تک تعلیم آن لائن ہوگی۔ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا اہم سبب مملکت بھر میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ہے۔'
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کی بدولت متاثرین کی تعداد میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں سماجی فاصلے کی پابندی کے خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ 

وزیر صحت کے مطابق مملکت میں چینی ویکسین پر تجربے کی تیاریاں جاری ہیں- فوٹو: سبق

الربیعہ نے کہا کہ آن لائن تعلیم 7 ہفتے تک ہوگی۔ اس دوران صورتحال کا گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لیا جائے گا۔  ممکن ہے کہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ ویکسین کی فراہمی تک جاری رکھا جائے۔ توقع یہ ہےکہ ویکسین سال رواں کے آخر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ 
وزیر صحت نے زیر تجربہ ویکسین سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر اس ویکسین کو حاصل کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے جو محفوظ ہو اور جسے فوڈ اینڈ ڈرگز اتھارٹی کی منظوری حاصل ہو۔ 
انہوں نے کہا کہ مملکت میں چینی ویکسین پر تجربے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔  

 وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کی وبا پوری دنیا کے لیے نیا تجربہ تھی۔ فوٹو: العربیہ

منظر عام پر آنے والی ویکسینز کی بابت  کیا خدشات ہیں اس حوالے سے  سوال کے جواب میں الربیعہ نے کہا کہ اب تک جتنی ویکسینز استعمال کی جارہی ہیں وہ سب کی سب محفوظ ہیں البتہ سعودی عرب یہ اصولی فیصلہ کیے ہوئے ہے کہ وہ اپنے یہاں کسی بھی ویکسین کو اس وقت تک قبول نہیں کرے گا تاوقتیکہ متعلقہ ادارے اس کے  محفوظ ہونے کی یقین دہانی نہ کرا دیں۔ 
وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا کی وبا پوری دنیا کے لیے نیا تجربہ تھی۔ اس نے دنیا بھر کے ملکوں کے صحت نظام کو چیلنج دیے۔ بہت سارے ملکوں کے مقابلے میں سعودی عرب میں صحت کا منظر نامہ تسلی بخش رہا۔  
سعودی عرب گزشتہ مہینوں کے دوران انتہائی نگہداشت کے 3500 مزید بستروں کا انتظام کرنے میں کامیا ب رہا۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: