Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ میں 600 وکٹیں، کرکٹرز کا اینڈرسن کو خراج تحسین

انگلش بولراینڈرسن کی اظہر علی کو آؤٹ کرنے کے بعد 600 وکٹیں مکمل- فوٹو ( اے ایف پی )
ساؤتھپٹن میں پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انگلش فاسٹ بولر جمی اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 600 وکٹیں پوری کیں جس پر ان کو دنیا بھر سے سابق کرکٹرز خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اینڈرسن 600 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے فاسٹ بولر ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کےفاسٹ بولر گلین میگراتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میگراتھ نے کہا ہے کہ ان کو اینڈرسن کی کامیابی پر خوشی ہے۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن نے 800 حاصل کی ہیں۔
 
ان کے بعد آسٹریلیا کے شین وارن اور انڈیا کے انیل کمبلے نے بھی 600 سے زائد وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ انیل کمبلے اور شین وارن نے بھی جمی اینڈرسن کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کی۔ انگلش بولر اینڈرسن نے پاکستانی کپتان اظہر علی کو 31 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں مکمل کیں۔ 
اینڈرسن نے پہلی اننگز میں پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ یہ ان کے ٹیسٹ کرکٹ کیریئر میں 29 واں موقع تھا کہ انہوں نے ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ 
جمی اینڈرسن نے دوسری اننگز میں دو وکیٹں لیں۔ پاکستانی اوپنر عابد علی ان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اس میچ سے قبل اینڈرسن نے 155 ٹیسٹ میچوں میں 593 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔
کرکٹ کمنٹیٹرز کے مطابق یہ 38 سالہ اینڈرسن کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔ جمی اینڈرسن کے ساتھی کھلاڑیوں نے ان کو گراؤنڈ میں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی میچ کے اختتام پر جمی اینڈرسن سے ہاتھ ملائے اور ان کو داد دی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ پاکستان کی ٹیم نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے جب میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں