Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ڈراموں میں جتنے نیگیٹو اصل زندگی میں اتنے ہی پازیٹیو'

عدنان صدیقی نے صارفین کو پیغام دیا ہے کہ اپنا وعدہ پورا کریں (فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں سے اپنے مداحوں کو اپ ڈیٹس کرتی رہتی ہیں۔
شوبز کے یہ ستارے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اکثر ایسی پوسٹس بھی شیئر کرتے نظر آتے ہیں جن میں لوگوں کے لیے ایک مثبت پیغام بھی ہوتا ہے۔
ایسی ہی ایک ویڈیو ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔
اپنی ویڈیو میں عدنان صدیقی جوتے پالش کرنے والے غریب شخص کے پاس بیٹھے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ 'میں میٹنگ میں جا رہا تھا لیکن محمد واجد صاحب میرے پیچھے پڑ گئے کہ جوتے پالش کرا لیں۔ میں نے انہیں کہا کہ میں میٹنگ میں جا رہا ہوں ننگے پیر تو نہیں جا سکتا۔'
عدنان صدیقی کہتے ہیں کہ 'میں نے ان سے وعدہ کیا کہ میں واپسی پر ضرور (پالش) کراؤں گا اور اب میں کروا رہا ہوں حالانکہ مجھے ضرورت نہیں تھی۔'
اس ویڈیو کے ساتھ عدنان صدیقی نے کیپشن میں لکھا کہ 'وعدہ وعدہ ہوتا ہے، میں نے میٹنگ میں جانے سے پہلے محمد واجد صاحب سے وعدہ کیا تھا جو پورا کیا۔'
اس ویڈیو پر صارفین پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں کہ عدنان صدیقی نے اپنا وعدہ پورا کیا اور غریب کی مدد کی جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ جب مدد کر ہی دی تھی تو ویڈیو بنانے کی کیا ضرورت تھی اور یہ کہہ کر احسان نہ جتلاتے کہ ضرورت نہیں تھی پھر بھی جوتے پالش کرائے۔

سارہ خان نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 'ویڈیو بنا کے شو آف کرنے کی کیا ضرورت تھی؟'

اسامہ اعجاز نامی انسٹگرام صارف نے لکھا کہ 'آپ اصل زندگی میں اتنے ہی مثبت ہیں جتنے آپ ڈراموں میں منفی کردار کرتے ہیں۔'

رمشہ کے نام سے صارف نے جوتے پالش کرنے والے شخص کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ 'دیکھیں وہ کتنے خوش نظر آ رہے ہیں۔'

ایک اور صارف احسن شاہ نے لکھا کہ 'سر اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے اور آپ نچلے طبقے کے لوگوں کی مدد کیا کریں۔'

شیئر:

متعلقہ خبریں