Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: فضائی ٹکٹوں میں 50 فیصد کمی 

امارات سے جانے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سیاحتی ایجنسیوں کی جانب سے امارات واپسی کے ٹکٹوں کے نرخوں میں پچاس فیصد تک کمی کردی گئی ہے- گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کثیر تعداد میں امارات واپس آنے والوں کی وجہ سے ٹکٹوں کے نرخ بہت زیادہ بڑھ گئے تھے- 
الامارات الیوم کے مطابق فضائی کمپنیوں کے عہدیداروں نے ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دراصل موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے جارہی  ہیں اور آئندہ ہفتے سے نیا تعلیمی سال شروع ہورہا ہے- اس تناظر میں سفر کرنے والوں کی تعداد کم ہوگئی ہے جبکہ بیشتر طلبہ، ان کے سرپرست اور اساتذہ امارات واپس پہنچ چکے ہیں- 
’نیرافا‘ سیاحتی کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین علا العلی نے بتایا کہ امارات واپس آنے والے مقیم غیرملکیوں کو ٹکٹوں میں 50 فیصد تک رعایت دی جارہی ہے-  

نیا تعلیمی سال شروع ہونے کی وجہ سے سفر کرنے والوں کی تعداد کم ہوگئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

کمپنی کے چیئرمین ’العلی‘ نے مزید بتایا کہ ان دنوں واپس آنے والوں کی تعداد کم ہوگئی ہے- بیشتر   غیرملکی امارات واپس پہنچ چکے ہیں-  
 قاہرہ سے امارات واپسی کے ٹکٹ سب سے زیادہ سستے ہوئے- پہلے دو ہزار سے 2300 درہم تک میں ٹکٹ آرہا تھا- ان دنوں ایک ہزار سے بارہ سو درہم کے درمیان ٹکٹ مل رہا ہے جبکہ بیروت اور خرطوم سے امارات واپسی کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے-
انہوں نے توجہ دلائی کہ ان دنوں امارات سے باہر جانے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے-  
الصایل کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض الفیصل نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے مقابلے میں امارات واپسی کے ٹکٹوں کے نرخ پچاس فیصد کم ہوگئے ہیں-   امارات سے باہر جانے کا کوئی سلسلہ نہیں ہے-  باہر جانے کے لیے کوئی ریزرویشن نہیں کروا رہا- 
الفیحا کمپنی میں سیلز سیکشن کے مینجر ولید عبدالقادر نے بتایا کہ اماراتی اور عرب فضائی کمپنیوں نے امارات واپس آنے والوں کے لیے رعایتی ٹکٹ جاری کیے ہیں-
 

شیئر: