Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'میرا نام لیونارڈو ڈی کیپریو کے ساتھ جوڑیں تو اعتراض نہیں'

مہوش حیات نے کہا کہ وہ کشمیر میں انڈیا کے مظالم اور بالی وڈ کی منافقت پر آواز اٹھاتی رہیں گی (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین میڈیا نے پاکستان کی ایوارڈ یافتہ معروف اداکارہ اور ماڈل مہوش حیات کی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھ منگنی کی خبریں نشر کیں تو انہوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انڈین میڈیا کو کھری کھری سنا دیں۔
مہوش حیات نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ 'انڈیا کی گٹر صحافت مجھے کشمیر کے حق میں بولنے سے نہیں روک سکتی۔'
انہوں نے لکھا کہ 'انڈین میڈیا نے میرے متعلق جو بے بنیاد الزامات لگائے ہیں میں ان کا حوالہ نہیں دینا چاہتی۔ مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کا ایجنڈا کیا ہے اور وہ ایسا کیوں کررہے ہیں۔ میں بس یہ کہنا چاہوں گی کہ یہ ایک تعفن زدہ صحافت ہے جو مجھے خاموش نہیں کرا سکتی۔'

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے مزید کہا کہ وہ کشمیر میں انڈیا کے مظالم اور بالی وڈ کی منافقت پر آواز اٹھاتی رہیں گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ازراہِ مذاق یہ بھی لکھا کہ 'اگر ان کا نام مستقبل میں کسی کے ساتھ منسلک کرنا ہو تو ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کے ساتھ جوڑا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔'
مہوش حیات کی اس ٹویٹ پر پاکستانی صارفین نے انہیں انڈین میڈیا کو نظرانداز کرنے کا مشورہ دیا تو دوسری طرف انڈین صارفین اس ٹویٹ پر سیخ پا نظر آئے۔

پال کے نام سے ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'براہ مہربانی انڈین میڈیا کو نظرانداز کیجیے،ان کے پاکس پاکستانیوں اور پاکستان کے لیے کچھ بھی بہتر کہنے کو نہیں ہے۔ زیادہ تر انڈین میڈیا بی جے پی کی کٹھ پتلی ہے۔'
 

ہرجندر سنگھ نامی انڈین صارف نے لکھا کہ 'مہوش آپ سیاست دانوں کی طرح مت پیش آئیں، آپ ایک فنکارہ ہیں اور کشمیر پر پروپیگینڈا مت کریں۔'

عثمان جان کے نام سے صارف نے لکھا کہ 'بہترین! یہ صرف مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں پر اپنے ظلم چھپانا چاہتے ہیں'

ایک اور صارف عائشہ نے لکھا کہ '100 فیصد، بالی وڈ خود ایک گٹر ہے، وہ اپنے لوگوں کو خود مارتے ہیں اور پھر اسے خودکشی کہہ دیتے ہیں اور پھر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ہم آپ کے اور کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔'

شیئر: