Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے ریستوران میں دھماکہ، دو ہلاک، متعدد زخمی 

دھماکہ گیس پائپ میں لیکیج کی وجہ سے ہوا ہے۔(فوٹو دی نیشنل)
متحدہ عرب امارات ابوظبی میں راشد بن سعید سٹریٹ کے ریستوران میں دھماکے سے دو افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امارات میں شہری دفاع کے محکمے نے بتایا کہ ایک شخص جائے وقوعہ پر دھماکے سے براہ راست متاثر ہوکر ہلاک ہوا جبکہ دوسرا وہاں سے گزرتے وقت کنکریٹ گرجانے سے چل بسا۔ 
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ گیس پائپ میں لیکیج کی وجہ سے ہوا ہے۔ عمارت کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔ عمارت کے  مکمل معائنے تک مکینوں کو عارضی رہائش فراہم کردی گئی ہے۔ 

عمارت کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا۔(فوٹو دی نیشنل)

اماراتی ویب سائٹ البیان کے مطابق محکمے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے بعض کے زخم معمولی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔ 
ابوظبی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ریستوران میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی الفلاح سینٹر سے سریع الحرکت فورس ہنگامی بنیادوں پر جائے وقوعہ پہنچ گئی- ریستوران ایک عمارت میں تھا- مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا جبکہ عام لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پوری عمارت کی ناکہ بندی کرلی گئی- 
ابوظبی پولیس نے ڈرائیوروں کو ھزع بن زاید چوک کی طرف جانے سے روک دیا ہے۔ھزع بن زاید اور راشد بن سعید چوک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
پولیس نے راشد بن سعید چوک سے ملنے والا الفلاح چوک کی طرف آمدورفت بھی بند کردی۔ ڈرائیوروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: