Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرون حملے، امارات کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

امارات اور سعودی عرب کی سکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہے۔( فوٹو عرب نیوز)
 متحدہ عرب امارات نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی دہشتگرد ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔
 عرب اتحادی فورسز نے اتوار کو  ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق  وزارت امور خارجہ و بین الاقوانی تعاون  نے ایک بیان میں یو اے ای نے شہریوں کو درپیش تمام خطرات کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

حوثی باغیوں سے خطے کو خطرات لاحق ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)

بیان میں سعودی عرب کے حکام کی جانب سے شہریوں اور مقیم افراد  کے تحفظ اور سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
 امارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ  متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام کو خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب پر ہونے والے مسلسل حملے اس بات کا اظہار ہیں حوثی باغیوں سے خطے کو خطرات لاحق ہیں اورحوثی ملیشیا علاقائی سلامتی و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
 دریں اثنا جی سی سی نے بھی سعودی عرب پر حوثیوں کے بارود بردار ڈرون حملے کی مذمت  کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الفلاح نے بیان میں کہا کہ حوثی سعودی عرب کے امن و امان کو دانستہ تہ و بالا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

جی سی سی نے بھی حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

یہ اپنے ان دہشتگردانہ حملوں سے مملکت ہی نہیں بلکہ خلیج کے امن و استحکام کو بھی متزلزل کررہے ہیں۔ حوثیوں کےحملے بین الاقوامی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ 
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے حوثیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنانے پر سعودی فضائیہ کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی فضائیہ پھر ثابت کردیا کہ وہ حوثیوں کے ڈرون حملے کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی ناکام بنانے کی استعداد رکھتے ہیں۔  
سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ  سعودی عرب اپنےعوام کی سلامتی اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گا جی سی سی ممالک اس کے ساتھ ہوں گے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن و استحکام کو متزلزل کرنے سے حوثیوں کو روکنے کے لیے اپنا فرض ادا اور اس حوالے سے ٹھوس اقدام کرے۔

شیئر: