Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیملی مملکت سے باہر ہے خروج نہائی کیسے لگے گا؟ 

جوازات کے ذریعے اپنی فیملی کااقامہ کینسل کراسکتے ہیں( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
عمران حسین کا سوال ہے فیملی اگر مملکت سے باہر ہو تو فائنل ایگزٹ کیسے لگ سکتا ہے؟ 
جواب۔ اگر آپ نے فیملی کو خروج وعودہ پر بھیجا ہوا ہے اور وہ موجودہ صورتحال میں واپس نہیں آسکتے اور آپ اقامہ کینسل یعنی ان کا خروج نہائی لگانا چاہتے ہیں تو اس کے دو طریقے ہیں۔ 
پہلا طریقہ یہ ہے کہ خروج نہائی کی مدت ختم ہونے کے 3 ماہ بعد جوازات کے سسٹم سے از خود فیملی کا اندراج ختم ہوجائے گا کیونکہ جب تک فیملی مملکت میں نہیں آئے گی ان کا اقامہ تجدید نہیں ہوگا اور جو فیس ان پرعائد ہے وہ بھی لاگو نہیں ہوگی۔ 
 دوسرا طریقہ جوازات کے ابشر اکاونٹ پر لاگ ان کرکے سروس حاصل کرنے کا ہے۔ اس کے لیے ’خدمات ‘ کے آپشن میں جائیں جس کے بعد ’خدمات عامہ ‘ یعنی جنرل سروسز اور اس کے بعد ’رسائل و طلبات ‘ کے آپشن کو منتخب کریں۔ 
رسائل وطلبات میں آپ کوادارے کےلیے ’ جوازات‘  کو منتخب کرنا ہوگا جہاں مختلف سروسز کے آپشن موجود ہیں جن میں سے ’خرج ولم یعد ‘ کے آپشن کا انتخاب کریں بعدازاں فیملی کا اقامہ نمبر درج کریں اور مختصر پیغام بھی جس میں اقامہ ختم کرنے کی درخواست کی جائے۔ 
یہاں اس امر کا خیال رکھیں کہ مذکورہ سروس پر جیسے ہی آپ اپنی درخواست ارسال کریں گے موبائل پر آپ کو درخواست کا نمبر ارسال کردیاجائے گا جس کا مطلب ہے کہ آپ کی درخواست جوازات کو موصول ہو چکی ہے جس پر عمل ہوتے ہی آپ کو موبائل پر پیغام ارسال کردیا جائے گا۔

پروازوں کی بحالی کے حوالے سے سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ (فوٹو ایس پی اے)

 یاد رہے ’رسائل وطلبات ‘ کے آپشن پر ایک درخواست ایک ہی بار دی جائے بار بار درخواست دینے پر سسٹم مکمل طور پر اسے خارج کردیتا ہے۔ 
اس طریقے کو اختیار کرتے ہوئے آپ اپنی فیملی کااقامہ کینسل کراسکتے ہیں تاہم یہ بھی یاد رہے کہ اگر سربراہ خانہ جس کے اقامے پر فیملی کا اندراج ہوتا ہے اگر ان کا فائنل ایگزٹ لگایا جائے تو از خود فیملی کا بھی فائنل ایگزٹ لگ جاتا ہے۔ 
وقاص اہیر نے پوچھا ہےمیرا اقامہ اگست میں ختم ہوا ہے اس کی تجدید کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ 
جواب ۔ آپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ آپ ممکت میں ہیں یا چھٹی پر گئے ہوئے ہیں۔ اگر آپ مملکت سے باہر ہیں تو فی الحال حکومت کی جانب سے تیسری بار کسی قسم کی رعایت کا اعلان نہیں کیا گیا جہاں تک بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے اقاموں کی تجدید کی بات ہے تو یہ یاد رکھیں کہ اقامہ کی تجدید کےلیے لازمی ہے کہ اقامہ ہولڈر تجدید کے وقت مملکت میں موجود ہو۔ 

خروج وعودہ کی مدت میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی جا چکی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

تاہم موجودہ صورتحال میں حکومت کی جانب سے 2 بار غیر ملکیوں کو رعایت دیتے ہوئے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 3 ماہ کی مفت توسیع کی جا چکی ہے۔ ابھی تک اس بارے میں کسی قسم کے احکامات جاری نہیں ہوئے جیسے ہی اس بارے میں حکام کی جانب سے احکامات جاری ہوں گے اردونیوز میں انہیں فوری طور پر شائع کر دیاجائے گا۔ 
ناظم علی کا سوال ہے کہ بحرین ، سعودی عرب کا پل کب سے کھل رہا ہے؟ 
جواب ۔ گزشتہ ہفتے سے بحرین اور سعودی عرب کے درمیان ’شاہ فہد ‘ پل کھل چکا ہے تاہم وہاں سے عام ٹریفک کی بحالی نہیں ہورہی۔ محدود سطح پر لوگوں کی واپسی مرحلہ وار جاری ہے۔ پل سے آنے والے سعودیوں اور ان کے قریبی غیر ملکی رشتہ داروں کے علاوہ نجی ملازمین کی واپسی کے لیے ’ابشر’ اکاونٹ سے پیشگی این اوسی حاصل کرنا پڑتا ہے جس کےبعد ہی واپسی ممکن ہوتی تاہم ہر ایک کے لیے تاحال پل سے ٹریفک بحال نہیں کی گئی۔ 

شیئر: