Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے ملتوی میچز کا نیا شیڈول

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے کورونا کے سبب ملتوی ہونے والے میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
کورونا کے سبب ایونٹ کے چار میچز 17 مارچ کو ملتوی کردیے گئے تھے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
 
چودہ نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمینیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمینیٹر ٹو جبکہ فائنل 17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔
ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں- ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی، کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔
فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے  حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان  میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔

Caption

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے مطابق فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں۔
وسیم خان نے  کہا کہ پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا اور پی سی بی کے خیال میں ایچ بی ایل پی ایس ایل جیسے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔
’ہم نے  رواں سال کے آغاز میں ایونٹ کے لیےبھرپور جوش و خروش دیکھا اور ہم پرامید ہیں کہ ان بقیہ میچوں سے قبل بھی مداحوں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ہوگا۔ ‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان کوویڈ 19 کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
’دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے  مقابلوں سمیت زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔‘
ان کے مطابق ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری، مارچ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

Caption

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں شامل چار ٹیموں میں سے صرف پشاور زلمی ہی اس سے قبل ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔
شیڈول:
14نومبربروز ہفتہ: کوالیفائر (ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز)، قذافی اسٹیڈیم لاہور؛ ایلمینیٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) قذافی اسٹیڈیم لاہور
15  نومبر بروز اتوار:  ایلمینیٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلمینیٹر ون جیتنے والی ٹیم) ، قذافی اسٹیڈیم لاہور
17نومبر بروز منگل: فائنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور

شیئر:

متعلقہ خبریں