Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں سرکاری ٹی وی کی اینکر کا قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ شاہینہ شاہین کے قتل کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی (فوٹو: ٹوئٹر)
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں فائرنگ کرکے خاتون اینکر شاہینہ شاہین کو قتل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کیچ نجیب پندرانی کا کہنا ہے کہ خاتون صحافی کے قتل کی وجہ گھریلو تنازع ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہینہ شاہین نے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد محراب گچکی نامی شخص سے شادی کی تھی۔
 مقتولہ کے اہل خانہ کی درخواست پر محراب گچکی کے خلاف تربت تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پی ٹی سی ایل کالونی میں واقع ایک کوارٹر میں پیش آیا تھا۔
شاہینہ شاہین کی لاش کو اس کا شوہر ہسپتال پہنچا کر فرار ہوگیا تھا۔ کوارٹر سے پستول کا خول بھی ملا ہے۔
ایس ایس پی کیچ کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ نامعلوم شخص نے شاہینہ شاہین کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس کے مطابق  گاڑی کا مالک اپنی گاڑی ہسپتال میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو دو گولیاں لگی ہیں۔
 شاہینہ شاہین سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن میں پروگرامز کی میزبانی کرتی تھیں اور ایک بلوچی میگزین ’دزگہار‘ (سہیلی) کی مدیر بھی تھیں۔ شاہینہ شاہین مصوری بھی کرتی تھیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں