Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ریلی پر پولیس کی شیلنگ، درجنوں افراد گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین پرتشدد رویے کا مظاہرہ کر رے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں پولیس نے نسل پرستی اور پولیس زیادتیوں کے خلاف  مظاہرہ کرنے والے  سینکڑوں مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور درجنوں کو گرفتار کر لیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پورٹ لینڈ میں ہفتے کی رات کو لوگ نسل پرستی اور پولیس زیادتیوں کے خلاف ’بلیک لائیوز میٹر‘ کے مظاہروں کے 100 دن مکمل ہونے پر ریلی نکال رہے تھے۔
جب مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے تو پولیس نے فوراً ہی ریلی کو ’ہنگامہ آرائی‘ قرار دے دیا اور مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے۔
پولیس کا کہنا ہے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ پولیس حکام نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
مظاہرین میں سے ایک ’جے‘ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد پورٹ لینڈ میں شروع ہونے والے بلیک لائیوز میٹر کے مظاہروں کا یہ 100 واں دن تھا اور وہ (پولیس) ہمیں مارچ سے روکنا چاہتے تھے۔‘
’یہ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم یہاں جمع ہو اور اپنی رائے کا اظہار کریں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین پرتشدد رویے کا مظاہرہ کر رہے تھے اور امن و امان کا مسئلہ پیدا کر رہے تھے۔
پورٹ لینڈ پولیس کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’یہ ہنگامہ آرائی ہے۔ پولیس مظاہرین کو منتشر ہونے کا کہہ رہی تھی لیکن وہ پولیس پر پٹرول بم پھینک رہے تھے۔‘

پورٹ لینڈ میں رات کے وقت ہونے والے مظاہرے رواں سال مئی میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پورٹ لینڈ میں رات کے وقت ہونے والے مظاہرے رواں سال مئی میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے۔
فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد پورے امریکہ میں مظاہرے ہوئے تھے لیکن چھ لاکھ پچاس ہزار آبادی والے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین اس وقت سے اب تک انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے رات کے وقت سڑکوں پر رہے۔ خیال رہے پورٹ لینڈ میں 70 فیصد آبادی سفید فام افراد پر مشتمل ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پورٹ لینڈ شہر ’غنڈوں‘ کے نرغے میں ہے جو کہ ’اندورنی دہشت گردی‘ میں ملوث ہیں۔ تاہم مظاہرین زیادہ تر وقت پرامن رہے ۔
شہر میں گزشتہ ہفتے تناؤ میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب ایک انتھائی دائیں بازو کے گروپ کے حامی شخص کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔
سنیچر کو سینکڑوں لوگ دائیں بازوں کے گروپ ’پیٹریاٹ پرئیر‘ کے حامی مقتول ایرون جے ڈینلسن کے لیے بنائے گئے یادگار پر جمع ہوگئے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پورٹ لینڈ شہر ’غنڈوں‘ کے نرغے میں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

39 سالہ شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا جب وہ ٹرمپ کے حمایتی مظاہرین کے ساتھ شامل ہو گئے جو کہ شہر میں داخل ہو گئے تھے۔  اس کے بعد ٹرمپ کے حامیوں کی’بلیک لائیوز میٹر‘ کے مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں ہوگئی تھیں۔
اس قتل کے مشتبہ ملزم مائیکل رینیوہل کو قریبی ریاست واشنگٹن میں اس وقت مارا گیا جب پولیس اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
ملزم میں کن حالات میں مارا گیا اس کی اب تک تحقیقات ہو رہی ہے۔

شیئر: