Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنتھیا رِچی کی ملک بدری روک دی گئی

عدالت نے وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے (فوٹو: سوشل میڈیا)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کو ملک بدر کرنے سے روکتے اور تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل دو ستمبر کو وزارت داخلہ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 15 روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔  
پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سنتھیا رچی کی جانب سے وزارت داخلہ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ 
امریکی شہری سنتھیا رچی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وزارت داخلہ نے ان کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے وقت کوئی وجہ نہیں بتائی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ویزے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وجوہات کا ذکر کرنا ضروری نہیں، ہر روز پاکستانیوں کے ویزے کی درخواستیں بغیر کوئی وجہ بتائے مسترد کر دی جاتی ہیں۔ 
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کے حوالے سے کیسز ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اس لیے یہ معاملہ مختلف ہے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ درخواست گزار کو مکمل انصاف ملے۔  
عدالت نے درخواست گزار سنتھیا رچی کو ویزے میں توسیع نہ دینے سے متعلق الزامات کے حوالے سے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں