Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھر سے کام کرتے ہوئےاپنا خیال کیسے رکھیں؟

پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں اور چائے یا کافی زیادہ نہ لیں۔ (فوٹو: پکسا بے)
کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں لوگوں کے طرزِ زندگی کو تبدیل کیا ہے اور کئی لوگ ابھی تک اپنے دفتروں کے کام گھروں سے کر رہے ہیں۔
وبا کے ابتدا میں کئی افراد اس بات پر خوش تھے کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کے لیے تیار نہیں ہونا پڑے گا اور وہ کھانا بھی گھر ہی میں کھا سکیں گے۔ تاہم اب اس بات کی اتنی خوشی نہیں رہی اور اب گھر سے کام کرنے میں جو مشکلات ہیں وہ منظرِ عام پر آ رہی ہیں۔
اس میں سے کچھ مشکلات بوریت، توجہ کے دورانیے کا کم ہونا اور جوڑوں میں درد ہیں۔
تاہم کچھ مشورے ہیں جو کہ گھر سے کام کرنے والے کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

گھر میں جگہ کا تعین

گھر سے کام کرتے وقت کسی ایسی جگہ کا تعین کرنا چاہیے جہاں گھر کے دیگر افراد کی مداخلت نہ ہو۔
ایسی جگہ پر کام کے لیے درکار تمام سامان بھی رکھنا چاہیے جس میں ٹیبل لیمپ، ایکٹینشن کی تار اور ایسی دوسری اشیا شامل ہیں۔ اگر آپ کا کام زیادہ تر کمپیوٹر پر ہوتا ہے تو اپنے بیٹھنے کی پوزیشن کو اس طرح رکھا کریں کہ آپ کی گردن، کندھے، کونی اور کلائی کو نقصان نہ پہنچے اور آپ کے پاس وہ سب سامان موجود ہو جس سے آپ جوڑوں کے درد سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔
اس کے لیے آپ کو اپنے ٹیبل یا کرسی کی اُنچائی ایسے رکھنی ہوگی کہ جوڑوں کے درد سے بچا جا سکے۔ آپ کو اس بات کا بھی دھیان رکھنا ہوگا کہ جس کرسی پر آپ بیٹھیں ہوں اس سے آپ کی پیٹھ کو سہارا ہو اور آپ کے پیر زمین تک پہنچ رہے ہوں۔

گھر سے کام کرتے وقت کسی ایسی جگہ کا تعین کرنا چاہیے جہاں گھر کے دیگر افراد کی مداخلت نہ ہو۔ فوٹو: ان سپلیش

پلکیں جھپکیں

تحقیقات بتاتی ہیں کہ سکرین پر دیر تک دیکھنے سے آنکھیں سوکھ جاتی ہیں۔ اپنے ساتھ آنکھوں کے ڈراپس رکھیں اور تھوڑی دیر بعد پلکیں جھپکنا یاد رکھیں۔ اگر ضرورت پڑے تو چشمے بھی استعمال کریں۔

کمپیوٹر سے فاصلہ رکھ کر کام کریں

کمپیوٹر سے ذرا دور بیٹھ کر کام کریں تاکہ آنکھوں پر زور نہ پڑے اور بہت دیر بیٹھے رہنے سے خون میں جو گٹھلیاں بن جاتی ہیں وہ نہ ہوں۔
کام کے دوران تھوڑی ورزش کرنے کے لیے وقت نکالیں۔ ایسی بہت سی ویب سائٹس ہیں جہاں آپ پانچ سے 10 منٹ کی ورزش سیکھ سکتے ہیں۔

اپنے ساتھ آنکھوں کے ڈراپس رکھیں اور ہر تھوڑی دیر پر پلکیں جھپکنا یاد رکھیں۔ فائل فوٹو: ان سپلیش

کام کے درمیان وقفہ

گھر سے کام کرنے کے دوران کھانا پینا، دفتر میں کھانے پینے کے مقابلے بڑھ جاتا ہے جس سے وزن بڑھتا ہے۔
ہر روز کام کے دوران صرف ایک یا دو مرتبہ اپنے فریج تک جائیں اور حساب سے کھائیں۔ اور کھانے کے دوران کوشش کریں کہ آپ اپنے کمپیوٹر یا کام کے ٹیبل سے دور ہوں۔
اس عمل کو بہتر بنانے کے لیے کسی دوست کو فون کریں اور چلتے پھرتے ہوئے بات کریں جس سے یہ گمان ہوگا کہ آپ دفتر ہی میں کسی ساتھی سے گفتگو کرنے کے لیے اٹھیں ہیں۔

دن میں اتنا وقت ضرور نکالیں کہ کام سے ہٹ کر اپنی جسمانی اور ذہنی صحت پر توجہ دے سکیں۔ فائل فوٹو: ان سپلیش

پانی پیتے رہیں

پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں اور چائے یا کافی زیادہ نہ لیں۔

چہل قدمی کی عادت

ماہر ماحولیات چارلس ڈارون کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دن میں دو بار چہل قدمی کرتے تھے، جسے وہ اپنے سوچنے کی راہ ہموار کرنا سمجھتے تھے۔ آپ بھی دن میں اتنا وقت ضرور نکالیں کہ کام سے ہٹ کر اپنی جسمانی اور ذہنی صحت پر توجہ دے سکیں۔

شیئر: