Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے‘

سرفراز احمد نے کچھ روز پیشتر بھی ایک بے وزن شعر شیئر کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
سابق کپتان اور قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد ایک بار پھر شاعری کے میدان میں کود پڑے ہیں تاہم پچھلی بار کے برعکس اس بار شعر وزن میں ہے۔
کچھ روز پیشتر بھی انہوں نے اپنے ناقدین کو جواب دینے کے لیے ایک بے وزن شعر شیئر کیا تھا جس پر ٹوئٹر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے تھے اور اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔
جمعرات کو سپورٹس جرنلسٹ سید یحییٰ حسینی کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ کے جواب میں سرفراز احمد نے یہ شعر لکھا:
’نہ میں گرا نہ میری امیدوں کے مینار گرے
پر کچھ لوگ مجھے گرانے میں کئی بار گرے‘

جس پر صارفین کو ایک بار پھر موقع ہاتھ آ گیا کہ وہ بھی اپنے جذبات کا اظہار کر دیں۔
ساجد علی نامی صارف نے ان کو جواب دیتے ہوئے سارا ملبہ وقار یونس اور مصباح الحق پر ڈال دیا، انہوں نے لکھا کہ ’سرفراز بھائی آپ نے ٹھیک کہا، آپ کو گرانے میں وقار یونس اور مصباح کا ہاتھ ہے۔ 2015 کا ورلڈ کپ آپ کو یاد ہے نا، جب تک وقار یونس اور مصباح ٹیم کے ساتھ ہیں آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ اللہ آپ کو سرخرو اور دشمنوں کو ناکام کرے۔‘
سعد نامی صارف نے ان کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے، باتوں سے کچھ نہیں ہوتا۔‘

سمارٹ گرو کے ہینڈل سے سرفراز کا دفاع کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’بھائی ہمارے پاس بٹلر یا دی کاک یا دھونی نہیں اگلا آپشن رضوان ہی ہے، 19، 20 ہیں دونوں، سرفراز ٹی ٹوئنٹی کا بہترین کپتان تھا، ہے اور رہے گا‘
نوریما خانم نے شاعرانہ انداز میں سرفراز احمد کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا:
’طوفان کر رہا ہے میرے عزم کا طواف
دنیا سمجھ رہی ہے کہ کشتی بھنور میں ہے‘
ساتھ ہی انہوں نے سرفراز احمد کی میدان میں ایک افسردہ تصویر بھی لگائی۔
شایان بیگ ٹو نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’اس سے مجھے کوئی معنی نہیں مل رہے، کسی ملک کا ایسا کھلاڑی نہیں دیکھا جو کھیلنے سے انکار کرے اور میدان میں کارکردگی کے بل پر سب کو غلط ثابت کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر شاعری شروع کر دے۔‘
طیب خان نے جواب میں وہی شعر لکھ دیا جو چند روز قبل خود سرفراز احمد نے ٹویٹ کیا تھا۔
’اتنا چھبنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں
جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں‘
شاہ نواز ادنوالہ نے کرکٹر کو نصیحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیارے سرفراز، آپ نے انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کی، آپ کی قیادت میں پاکستان نے کئی میچ جیتے خصوصاً چیمپیئنز ٹرافی۔ وقار کے ساتھ ریٹائرمنٹ کے لیے مناسب وقت یاد رکھنا۔ یہ بڑے بھائی کی نصیحت ہے‘
ساجد علی نے ’آہ سرفراز آہ‘ کے کپیشن کے ساتھ وہ ویڈیو کلپ لگایا جس میں وکٹس کے پیچھے گیند ہاتھ میں ہونے اور بیٹسمین کے کریز سے باہر ہونے کے باوجود سرفراز آؤٹ نہیں کر سکے۔

 

شیئر: