Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 رینکنگ: ڈیوڈ ملان کی پہلی پوزیشن

پاکستانی کپتان بابراعظم 869 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،فوٹو (اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی20 کی تازہ ترین رینگنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے بابر اعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
ملان نے پہلی پوزیشن آسٹریلیا کے خلاف حالیہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں 129 رنز کی بدولت حاصل کی۔
 
ڈیوڈ ملان کے ٹی 20 ریکارڈ کو دیکھا جائے تو اب تک انہوں نے 16 میچوں میں 682 رنز 48.71 کی اوسط سے بنائے ہیں۔  میلان کا سٹرائیک ریٹ 166.66 ہے۔
ملان کا ٹی20 میچز میں بہترین سکور 43 گیندوں پر 66 رنز ہے جو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بنایا ہے۔
انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کرس سلوروڈ نے ملان کے بارے میں کہنا ہے کہ ٹی 20 میں ان کی فارم واقعی غیر معمولی ہے۔
’اایسا لگتا ہے کہ وہ جتنا کھیلتے جا رہے ہیں اتنی ہی پرفارمنس بہتر ہوتی جا رہی ہے جسے دیکھ کر خوشی ہے۔ ملان نے ٹیم میں شامل ہونے کے لئے سخت محنت کی اور جب انہیں موقع ملا تو انہوں نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔‘
ٹی20 میں بیٹسمینوں کی رینکنگ میں اب بابر اعظم دوسرے ایرون فنچ تیسرے اور لوکیش راہول چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
فاسٹ بولرز کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کے  کین رچرڈسن اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے ہیں۔
ٹیموں کی رینکنگ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ڈیوڈ ملان نے ٹی 20 میں اب تک 16 میچوں میں 682 رنز بنائے ہیں،فوٹو (اے ایف پی)

انگلش ٹیم تیسرے میچ میں شکست کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر  پر آگئے ہیں، انڈیا کی تیسری پوزیشن ہے جب کہ پاکستان کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔
جنوی افریقا پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں  اور ویسٹ انڈیز  نویں نمبر پر براجمان ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم اور شاداب خان ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹی20  بولرز کی رینکنگ میں پاکستانی بولرز ٹاپ ٹین میں موجود ہیں۔فوٹو (اے ایف پی)

ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور مجیب الرحمان دوسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں، اس فہرست میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا ،آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا دوسرا جب کہ زمبابوے کے سین ولیمز کا تیسرا نمبر ہے۔
اس فہرست میں پاکستان کے محمد حفیظ 12 ویں جب کہ عماد وسیم 17 ویں نمبر پر  موجود ہیں۔

شیئر: