بحرین اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ کا رابطہ
وزرائے خارجہ نے تاریخی معاہدے پر ایکدوسرے کو مبارکباد دی(فوٹو عرب نیوز)
بحرین اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ نے سنیچر کو ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
عرب نیوز نے بحرینی نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے اعلان کے ایک دن بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے رابطہ کیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تاریخی معاہدے پر ایک دوسرے کو مبارک باد دی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعلقات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ بحرین اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والا چوتھا عرب ملک بن گیا ہے۔
العربیہ کو انٹرویو میں بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے کہا کہ ’اسرائیل کے ساتھ معاہدہ تاریخی اور جرات مندانہ فیصلہ ہے اور اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ پرامن بقائے باہمی پر مبنی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اسرائیل، فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے حوالے سے منامہ کا موقف برقرار ہے‘۔