Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امن معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنگٹن میں ہوگی‘

امارات نے سنیچر کو اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کا کہنا ہے کہ رواں سال ستمبر کے وسط تک متحدہ عرب امارت کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے لیے ہونے والے معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنٹگن میں ہوگی۔
خیال رہے رواں ماہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے تاریخی معاہدہ طے پا یا تھا۔ اس معاہدے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیل کے علاقی تعاون کے وزیر اوفر اکونس کا کہنا ہے امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے باضابطہ معاہدے پر دستخط وسط ستمبر میں واشنگٹن میں ہوں گے۔

 

وزیر کا کہنا تھا کہ ’یہ ہوگا اور روش ہشاناہ (یہودیوں کا نیا سال) سے پہلے ہوگا۔ اگرچہ ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے تاہم یہ اسرائیل کی حکومت کی خواہش ہے کہ وسط ستمبر تک ہو۔‘
روش ہشانا کا آغاز 18 ستمبر سے ہوگا۔
خیال رہے سنیچر کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی جانب سے جاری ہونے والے شاہی فرمان میں اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق شاہی فرمان کے تحت امارات کی انفرادی شخصیات اور کمپنیوں کو اسرائیلی اداروں کے ساتھ معاہدے کرنے کی اجازت دی گئی۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بھی قائم ہوں گے۔
اس سے پہلے جمعے کو اسرائیل  کی سرکاری فضائی کمپنی نے ابوظبی کے لیے 31 اگست کو پہلی کمرشل پرواز کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: