Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواہش ہے اگلے ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کہ جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے دنیا کے کسی ملک میں کہیں نہیں، درست اقدامات کیے جائیں تو کوئی پاکستانی ٹیم کو شکست نہیں دے سکتا۔
بدھ کو اسلام آباد میں کرکٹ کے نشریاتی حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا ’خواہش ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے۔‘
وزیراعظم نے نشریاتی حقوق کے معاہدے پر دستخط کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
 
وزیراعظم نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ماضی میں من پسند افراد کو جگہ دی گئی، سفارش پر لوگوں کو بھرتی کیے جانے سے نظام کمزور ہو جاتا ہے، اس لیے کرکٹ کے لیے نیا نظام بنایا گیا ہے۔
’اس کی بدولت پاکستان کا ٹیلنٹ پالش ہو کر سامنے آئے گا۔‘
انہوں نے آسٹریلیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی ٹیم اسی لیے دنیا پر راج کرتی ہے کیونکہ وہاں پر میرٹ ہے۔
’ہمارے ہاں مربوط نظام نہ ہونے کے باعث ٹیلنٹ اوپر نہیں آ رہا تھا۔‘
میرٹ پرعملدرامد اور ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
عمران خان نے پاکستان ٹیلی ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا کہ اس کے پروگرام دنیا بھر میں دیکھے جاتے تھے، انڈیا میں بھی اسے بہت پسند کیا جاتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں مربوط نظام نہ ہونے کے باعث ٹیلنٹ اوپر نہیں آ رہا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

’پی ٹی وی کو اسی مقام پر واپس لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نشریاتی اداروں کے حقوق کے معاہدے سے پی ٹی وی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔

شیئر: