Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسافروں کا تحفظ ترجیح‘، پشاور بی آر ٹی سروس بند

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ اس بس سروس کا افتتاح کیا تھا۔ فوٹو: اے پی پی
پشاور میں ماس ٹرانزٹ منصوبے بی آر ٹی کی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کے لیے اس سروس کا آغاز ایک ماہ قبل کیا گیا تھا اور اس منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔
بدھ کو ٹرانس پشاور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بس کی حفاظت اور بس بنانے والی کمپنی کی سفارش پر بی آر ٹی کی سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور بی آر ٹی کی تمام بسوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ بس بنانے والی کمپنی نے تمام بسوں کی جامع جانچ کی مہلت مانگی ہے اور بسوں کو تکنیکی اعتبار سے دوبارہ کلیئر کرنے کے بعد سروس کو بحال کیا جائے گا۔
ٹرانس پشاور نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں قائم بی آر ٹی بس سروس کو مسافروں کی حفاظت اور بس بنانے والی کمپنی کی سفارش پر عوام کے وسیع تر مفاد میں عارضی طور پر معطل کیا گیا۔
بیان کے مطابق بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا مقصد تمام بسوں کی دوبارہ ازسر نو تکنیکی اعتبار سے جانچ کرنا ہے۔ اس حوالے سے بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم کی جانب سے بس سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

ایک ماہ کی سروس کے دوران بی آر ٹی کی بسوں میں خرابی اور آگ لگنے کے واقعات ہوئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ترجمان نے کہا کہ عارضی معطلی کا بنیادی مقصد مستقبل میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام ہے۔ ٹرانس پشاور کے ترجمان  کا کہنا تھا کہ ادارے کے لیے مسافروں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
ٹرانس پشاور کے ترجمان کے مطابق تحقیقات کو تیز کرنے اور اصل وجہ کی جانچ کے حوالے سے بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم بھی پشاور بی آر ٹی پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران بی آر ٹی سروس کی بسوں میں آگ لگنے کے دو سے زائد واقعات ہوئے۔

شیئر: