Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات، بحرین، اسرائیل: سیاحت کے امکانات پر بات چیت

اسرائیلی وزیر سیاحت کے مطابق امارات اور اسرائیل کے درمیان سیاحت کا آغاز اگلے سال کے شروع تک ہوجائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل اور بحرین کے وزرائے سیاحت نے جمعرات کو پہلی مرتبہ ٹیلیفون پر گفتگو کی اور مختلف منصوبوں پر بات چیت کی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دونوں وزرا نے تین طرفہ سفری پیکیچز پر بھی گفتگو کی جس میں متحدہ عرب امارت بھی شامل ہوگا۔
اسرائیل کے وزیر سیاحت آسف زامیر اور ان کے بحرینی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں منگل کو معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد  ہوا ہے۔ اسی تقریب میں متحدہ عرب امارت اور اسرائیل کے درمیان بھی سفارتی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
دریں اثنا امارات کے ایک مقامی روزنامے کے ساتھ انٹرویو میں اسرائیلی وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان سیاحت کا آغاز اگلے سال کے شروع تک ہوجائے گا۔
الاتحاد اخبار کے مطابق وزیر کا کہنا تھا کہ ’ویزا اور سیاحت کے حوالے سے معاہدے پیشگی مراحل میں ہیں اور دونوں ممالک جلد ہی اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔‘
اس سے قبل ایمریٹس ایئرلائن کی کیٹرنگ سروس نے کہا تھا کہ انہوں نے یہودیوں کے عقائد کے مطابق حلال خوراک کی پروڈکشن پلانٹ ’کوشر عربیہ‘ کے لیے مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط کر دیا ہے۔

شیئر: