Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کا فلمی صنعت میں تعاون کا معاہدہ

ابوظبی اور اسرائیل کے مابین سالانہ ریجنل فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا (فوٹو:سپلائیڈ)
ابوظبی فلم کمیشن، اسرائیل فلم فنڈ اور یروشلم کے سیم سپیگل فلم اینڈ ٹیلی ویژن سکول نے فلم کی صنعت میں دو طرفہ تعاون اور تربیتی پروگرام کے انعقاد کے لیے ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان کے مطابق اس معاہدے کے تحت ابوظبی اور اسرائیل کے مابین سالانہ ریجنل فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔
ریجنل فلم فیسٹیول میں اماراتی اور اسرائیلی پروڈکشن کے علاوہ دونوں ممالک کے اشتراک سے بننے والی فلموں کی نمائش کے منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ٹوفور54 نامی میڈیا کمپنی کے چیئرمین محمد المبارک نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’یہ معاہدہ نہ صرف ہماری تخلیقی صنعتوں کے درمیان ثقافتی تعلق کو مضبوط کرے گا بلکہ ابوظبی کے فلم اور ٹی وی کے شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔‘
اسرائیل فلم فنڈ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لیسا شلوواچ ازرد کا کہنا ہے کہ ’فلم ایک ایسا آرٹ ہے جو لوگوں اور ثقافتوں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایک شاندار موقع ہےجس سے ہم سیکھ سکتے ہیں، تخلیق کر سکتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں اپنے ہمسایوں کے قریب ہو سکتے ہیں۔‘  
اس معاہدے کے تحت چار اقدامات کیے جائیں گے جن میں دو طرفہ ورکشاپس، تربیتی پروگرام، تعلیم اور بین الاقوامی فلم لیب اور ریجنل فلم فیسٹیول کا انعقاد شامل ہے۔ 
ابوظبی اور اسرائیل فلم ٹی وی پروڈکشن کے اشتراک کے لیے دونوں ممالک کے فلم سازوں کے لیے تربیتی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے گا۔ 

شیئر: