Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دنیا چین اور امریکہ کی سرد جنگ روکے‘

اجلاس سے تمام سربراہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ فوٹو اے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے تمام رکن ممالک سے چین اور امریکہ کے درمیان سرد جنگ کو شروع ہونے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان سرد جنگ کے ساتھ تمام تنازعات کی روک تھام کے لیے حتی الامکان کوششیں کی جائیں۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک تنازعات سے بچیں۔
رواں سال اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے سربراہان جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے ہیں۔
انتونیو گوتیرس نے چین اور امریکہ کے درمیان جاری تنازعے کے حوالے سے متنبہ کیا کہ دنیا خطرناک سمت میں بڑھ رہی ہے، ایسا مستقبل برداشت کرنا ممکن نہیں جہاں دو بڑی معیشتیں دنیا کو تقسیم کر دیں، جو الگ الگ تجارتی، مالی قوانین اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اصولوں کے تحت چلیں۔
گزشتہ چند ماہ سے امریکہ اور چین کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ امریکہ میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافے اور وبا پر قابو پانے میں ناکامی کے باعث صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

 چین نے امریکہ پر ’سیاسی وائرس‘ پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے سیکیورٹی کونسل کی رہنمائی میں تمام رکن ممالک سے عالمی سطح پر جنگ بندی کی اپیل کی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اجلاس سے خطاب میں چین کو کورونا وائرس پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت اور عالمی ادارہ صحت نے کورونا کے حوالے سے غلط مؤقف اپنایا تھا کہ وائرس کے ایک شخص سے دوسرے میں منتقلی کے کوئی شواہد نہیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے مندوب نے صدر ٹرمپ کی تقریر پر رد عمل میں کہا کہ امریکہ جنرل اسمبلی میں ایسے موقع پر ’سیاسی وائرس‘ پھیلا رہا ہے جب بین الاقوامی کمیونٹی عالمی وبا کا مقابلہ کر رہی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ چین سرد جنگ میں داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ چینی صدر نے اقوام متحدہ کے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختص فنڈ میں 15 ملین ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
روس کے صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام ممالک کی کورونا وائرس کی ویکسین تک رسائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے روس کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کو استعمال کے لیے محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے عملے کو مفت فراہم کی جائے گی۔

شیئر: