Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد بلاک کیا جائے'

گذشتہ ماہ بھی پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو پاکستانی  صارفین کے لیے نازیبا اور غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کے لیے کہا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک  سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’فحش، غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کو پاکستانی ناظرین کے لیے فوری  طور پر بلاک کرے۔‘
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم پرموجود غیر مہذب، غیر اخلاقی  اور نامناسب مواد کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کرنے کو کہا گیا ہے۔
بیان کے مطابق پی ٹی اے نے فوری طور پر قابل اعتراض مواد کو ہٹانے اور غیر قانونی مواد کے پھیلاؤ میں پلیٹ فارم کے استعمال کو روکنے کے لیے ٹِک ٹاک سے رابطہ کیا ہے۔
’پلیٹ فارم کو ہدایت کی گئی ہے کہ مواد کی مانیٹرنگ اور اسے اعتدال پر رکھنے کے لیے ایک  موثر  حکمت عملی وضع کرے تاکہ غیر اخلاقی/ نامناسب مواد  کو ہٹایا جا سکے بصورت دیگر قانون کے تحت کاروائی کی جائے گی۔‘
خیال رہے گذشتہ ماہ بھی پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو پاکستانی  صارفین کے لیے نازیبا اور غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کے لیے کہا تھا۔
اس وقت پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹک ٹاک پر شیئر کیے جانے والے مواد پر معاشرے کے مختلف افراد کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد پی ٹی اے کے چیئرمین نے ٹک ٹاک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آن لائن اجلاس کیا تھا۔

نوجوانوں میں مقبول ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے دنیا بھر میں اربوں صارفین ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پی ٹی اے چیئرمین نے ٹک ٹاک حکام پر زور دیا تھا کہ کہ پلیٹ فارم پر شیئر کیے جانے والے مواد کی سخت نگرانی ہونی چاہیے تاکہ پاکستان میں غیر اخلاقی ویڈیوز نہ دیکھی جائیں۔
پی ٹی اے نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے بھی کہا تھا کہ وہ پاکستان میں غیر اخلاقی مواد اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد کو فوری طور پر ہٹائے۔

شیئر: